لداخ: چینی فوج تیزی سے تعمیرات کرنے لگی

0

لداخ: چینی فوج تیزی سے تعمیرات کرنے لگی

بیجنگ:چین نے لداخ میں بھارتی فوج کو پیچھے دھکیل کر حاصل کئے گئے علاقے میں تیزی سے پختہ مورچے اور سڑکوں کی تعمیر شروع کردی ہے،اور بھاری توپخانے سے بھارتی مورچوں کو نشانے پر لے رکھا ہے۔

پیپلز لبریشن آرمی کے میکنائزڈ دستے بھی علاقے میں پہنچا دئیے گئے ہیں ،جس کے بعد بھارتی فوجیوں کو سرحد کے قریب گشت سے بھی روکا جارہا ہے ،بھارتی سینا بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے ، مودی حکومت کی جانب سے بھارتی فوجی کمانڈروں کی تین روزہ کانفرنس بھی حکومت کو اس مشورے کےساتھ ختم ہوگئی کہ چین کے ساتھ سفارتی طریقے سے مسئلہ کا حل نکالا جائے۔

ذرائع کے مطابق چین کیخلاف بے بسی کو چھپانے کیلئے بھارتی فوجی کمانڈروں نے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو جواز کے طور پر پیش کیا، فوجی کمانڈروں کی کانفرنس کے بعد تینوں بھارتی افواج کے سربراہان کی مودی سے بھی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے،اور بھارتی فوجی قیادت نے مودی کو آگاہ کردیا ہے کہ چین سے فوجی طور پر علاقہ واپس لینا ممکن نہیں ،لہذا حکومت بات چیت سے مسئلہ کا حل تلاش کرے۔

ذرائع کے مطابق اس کے بعد ہی مودی نے امریکی صدر ٹرمپ کو فون کیا تھا، تاہم انہیں واشنگٹن سے بھی مطلوبہ تائید نہیں ملی، بھارت کا خیال تھا کہ امریکہ چین کے ساتھ اپنے تنازعہ کی وجہ سے بھارت کے حق میں بیان دے گا اور چین پر دباٶ بڑھائے گا،تاہم ٹرمپ نے الٹا مودی کی پریشانی کی بات کرکے بھارت کو شرمندہ کردیاہے۔

بھارتی حکومت چین سے بھی مسلسل اعلیٰ سطحی بات چیت کیلئے کوشاں ہے،لیکن بیجنگ سے حوصلہ افزا جواب نہیں ملا، چینی فوج نے بھارت کو ہاٹ لائن پر جواب دینے کا سلسلہ بھی معطل کررکھا ہے، اس دوران چینی فوج کے میکنائزڈ دستے بھی وادی گلوان اور پنگانگ ندی کے ساتھ علاقے میں تعینات کردئیے گئے ہیں۔

بھارت سے لئے گئے علاقے میں چینی فوج تیزی سے پختہ تعمیرات کررہی ہے،جبکہ سڑک کی تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ چینی فوج اب واپس جانے کے موڈ میں نہیں ہے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے بھی تصدیق کی ہے کہ چینی آرٹلری نے علاقے میں بھارتی فوج کو نشانے پر لے رکھا ہے اور بھارتی فوج کیلئے صورتحال بہت مشکل ہوگئی ہے۔

پنگانگ ندی کے قریب چینی فوج بھاری مشینری سے تیزی کے ساتھ تعمیرات میں مصروف ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.