نوازشریف کی تصویر پر سوشل میڈیا میدان جنگ

0

لندن:ن لیگ کے قائد نوازشریف کی لندن میں اہلخانہ کے ہمراہ  کافی پیتے تصویر سامنے آئی ہے ،جس کے بعد سوشل میڈیا پر ن لیگ اور تحریک انصاف کے حامیوں میں جنگ چھڑگئی ہے۔

تفصیلات کے تحریک انصاف کے حامیوں نے نوازشریف کو بھگوڑا اور جھوٹا قرار دیا اور عدالتی نظام پر بھی سوالات اٹھائے کہ کس طرح ایک صحت مند مجرم کو علاج کے نام پر غیر معینہ مدت کیلئے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔

انہوں نے تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی شخص ہے،جس کے بارے میں ن لیگ کہتی تھی کہ اس کے دماغ کی 88 فصد رگیں بند ہوچکی ہیں ،پلیٹ لیٹس گرچکے ہیں ،اب یہ عالمی وبا کے دوران لندن میں عوامی مقام پر بیٹھ کر کافی پی رہا ہے۔

دوسری جانب ن لیگ کے حامیوں نے نوازشریف کی تصویر پر زبردست جوش و خروش کا اظہار کیا اور کہا کہ  تصویر نے کچھ لوگوں کیلئے یوم جلن بنادیا ہے،حکومت کی حالت یہ ہے کہ وہ میاں صاحب کی کافی بھی برداشت نہیں کرپاتی۔

دونوں جماعتوں کے رہنما بھی اس جنگ میں کود پڑے اور  وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ  تصویریں ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑارہی ہیں۔

دوسری جانب  نواز شریف کی صاحبزادی بھی اس پر پیچھے نہ رہیں اور فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے لکھاکہ  مریم نواز نے  ٹوئٹ میں لکھا کہ تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا،  لیکن ان کا کام الٹا پڑگیا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ آئی سی یو میں گھس کر زبردستی میری بے ہوش ماں کی تصاویر بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں، اُن کیلئے نواز شریف کے گھرکی خواتین اور بچیوں کی چُھپ کر تصاویر بنانا کیا مشکل ہے؟، اتنا ہی نیک کام تھا تو بزدلوں کی طرح چھپ کر کیوں کیا؟۔

ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ان کو اصل تکلیف اس بات کی ہے نواز شریف کو یہ اپنی پوری قوت اور طاقت کے اندھے استعمال کے باوجود نقصان نہیں پہنچا سکے۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر الزام عائد کیا کہ اُن لوگوں نے نواز شریف کو مارنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ نے بچالیا،نواز شریف کا خوف نہ ان کو جینے دیتا ہے اور نہ ہی چین سے حکومت کرنے دیتا ہے، یہی ان کی سزا ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ انہوں نے قوم کو بے وقوف سمجھ رکھا ہے،آپ جھوٹ بول کر لندن گئے۔

انہوں نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جھلک ضرور دکھائیں ،بار بار دکھائیں کیوں کہ اسی جھلک سے عوام کو پتہ چلتا ہے کہ میاں صاحب کبھی بھی اس طرح سے بیمار نہیں تھے،عوام سے اداروں سے جھوٹ بولا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.