روم: اٹلی کی حکومت نے نئے بجٹ میں پاکستانیوں سمیت تارکین وطن کو بڑی سہولت دی ہے، جس سے انہیں مالی بچت ہوسکے گی، اس قانون پر شروع سے اعتراضات اٹھائے جارہے تھے اور اسے سرمائے کی آزادانہ آمد ورفت کے اصول کے خلاف اور امتیازی قرار دیا جارہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے 2018 میں یورپی یونین سے باہر کے ممالک میں رقوم بھیجنے پر ٹیکس عائد کیا تھا، جو ڈیڑھ فیصد تک تھا، یہ ٹیکس 10 یورو سے زیادہ بھیجنے پر عائد کیا گیا تھا، یہ ٹیکس ایسی ٹرانزیکشنز پر تھا، جن میں بھیجنے والے یا رقم وصول کرنے والے کے بینک اکاؤنٹ کی ضرورت نہیں ہوتی تھی، اس ٹیکس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت دیگر تارکین وطن کو اپنے آبائی ممالک میں رقوم بھیجنے پر ٹیکس ادا کرنا پڑتا تھا۔ اس قانون پر شروع سے اعتراضات اٹھائے جارہے تھے اور اسے سرمائے کی آزادانہ آمد ورفت کے اصول کے خلاف اور امتیازی قرار دیا جارہا تھا۔
تاہم اب نئے مالی سال 2021 کے بجٹ میں اطالوی حکومت نے یہ ٹیکس ختم کردیا ہے، جس سے تارکین وطن کو بچت ہوگی، اور انہیں آبائی ممالک میں رقم بھیجنے پر یہ ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔