برطانیہ اور یورپی یونین میں طلاق کے بعد آزادانہ آمد ورفت کے مزے ختم

0

روم: یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاہدہ طے پانے کے بعد برطانوی شہریوں کے لئے اٹلی سمیت یورپی یونین کے رکن ممالک میں آزادانہ آمدو رفت کی موجیں ختم، 31 دسمبر کو بریگزٹ کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں ویزا لے کر آنا ہوگا، اٹلی اور فرانس نے ضوابط بھی متعارف کرادئیے۔

 تاہم مختصر مدتی قیام کے لئے برطانوی شہریوں کو ویزا میں رعائت دی گئی ہے۔ اسی طرح یورپی شہریوں کو بھی برطانیہ جانے کے لئے ویزا لینا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بالاخر بریگزٹ ڈیل جمعرات کو طے پاگئی، جس کے بعد دونوں کے تعلقات میں بہت کچھ بدل جائے گا، اس میں سب سے اہم شہریوں کی آزادانہ آمدورفت ہے۔ یورپی یونین نے پہلے ہی برطانوی شہریوں کے لئے سفری ضوابط طے کرلئے تھے، تاہم اب اٹلی اور فرانس نے تصدیق کردی ہے کہ  31 دسمبر کو بریگزٹ کا عمل مکمل ہونے کے بعد برطانوی شہریوں کو ویزا لے کر آنا پڑے گا۔ اطالوی حکام کے مطابق یکم جنوری سے اٹلی میں آنے اور 90 روز سے زائد  قیام کرنے کے خواہشمند برطانوی شہریوں کو ویزا لینا ہوگا، تاہم 90 روز سے کم قیام پر ویزا کے بغیر آنے  کی اجازت ہوگی۔

لندن میں اطالوی سفارتخانے نے اس حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر معلومات اپ لوڈ کردی ہیں، جو برطانوی شہری 90 روز تک کی بغیر ویزا سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے، وہ بھی سال میں صرف دو بار ایسا کرسکیں گے، یعنی ایک سال میں بغیر ویزا کے 180 روز سے زائد قیام کی اجازت نہیں ہوگی، فرانس نے تو یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس  دوران اگر برطانوی شہری کسی دوسرے یورپی ملک میں بھی کچھ روز جائیں گے، تو ان دنوں کو بھی اس میں شمار کیا جائے گا۔

اٹلی میں تعلیم، مذہبی مقاصد سمیت طویل قیام کی کسی بھی کیٹگری کے لئے برطانوی شہریوں کو پہلے ویزا لینا ہوگا، اسی طرح فیملی ری یونین، سرمایہ کاری کے لئے نولاستا کی شرط  کو پورا کرنا ہوگا۔ فرانس نے بھی 31 دسمبر کے بعد سے برطانوی شہریوں کے لئے پالیسی کا اعلان کردیا ہے، اور یورپی یونین کے قانون کے تحت فرانس میں بھی 90 روز تک برطانوی شہری بغیر ویزا قیام کرسکیں گے، تاہم اس سے زیادہ مدت کے لئے انہیں ویزا لینا ہوگا، اسی طرح ایک سال میں برطانوی شہری صرف 180 روز ہی بغیر ویزا قیام کرسکیں گے، اس سے زیادہ دن ہونے کی صورت میں وہ ویزا لیں گے۔ فرانس نے 90 روز سے زیادہ قیام کے خواہشمند برطانوی شہریوں کے لئے آمدن یا بینک بیلنس کی شرط بھی رکھی ہے، جبکہ طویل مدتی ویزا رکھنے والے برطانوی شہریوں کو ہر سال اس کی تجدید کرانی ہوگی، اسی طرح فرانس میں دوسرا گھر رکھنے والے برطانوی شہریوں کو بھی ویزا لینا ہوگا، تاہم اگر وہ 90 روز تک قیام کریں گے، تو اس صورت میں ویزا سے مستثنیٰ ہوں گے۔

برطانوی شہریوں کو امکان ہے 80 سے 99 یورو ویزا فیس بھی ادا کرنی  پڑے گی، اور یہ فیس ویزا نہ لگنے کی صورت میں بھی قابل واپسی نہیں ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.