اسلام آباد: ایک ایسے وقت میں جب بھارت سمیت دنیا کے اکثر ممالک کی معیشتیں کرونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، پاکستانی معیشت کیلئے ہوا کے خوشگوار جھونکوں کا سلسلہ جاری ہے، اور مسلسل پانچویں ماہ کرنٹ اکاؤنٹ پلس رہا ہے۔ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر بھی 13 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک ی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مجموعی ذخائر 20 ارب ڈالر سے زائد ہیں، جو تین برس کے دوران پہلی بار اس سطح پر گئے ہیں، اسٹیٹ بینک نے کرنٹ اکاؤنٹ کے حوالے سے نومبر کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں، اور مسلسل پانچویں مہینے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں رہا ہے، نومبر میں 44 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سرپلس آیا ہے۔ جبکہ گزشتہ سال نومبر میں 32 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا تھا۔ جولائی سے نومبر کے 5 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک ارب 60 کروڑ ڈالر پر پہنچ گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال اس عرصے کے دوران ایک ارب 75 کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا تھا۔ اس طرح گزشتہ برس کے مقابلے میں مجموعی طور پر ملک کو 3 ارب ڈالر سے زائد کا فائدہ ہوا ہے، واضح رہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ کا مطلب ملک میں آنے اور جانے والا زرمبادلہ ہوتا ہے، برآمدات اور اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات موصول ہوتی ہیں جبکہ پاکستان درامدات پر دوسرے ملکوں کو ادائیگی کرتا ہے۔
کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے سے روپیہ مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کرنے میں اوورسیز پاکستانیوں کا بھی اہم کردار ہے، جو 5 ماہ کے دوران 11 ارب 77 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات بھیج چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی کرنٹ اکاؤنٹ پلس ہونے پر ٹوئٹ کیا اور کہا کہ کرونا کے باوجود معیشت سے متعلق اچھی خبر ہے، نومبرمیں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 447 ملین ڈالررہا ہے، جبکہ سرکاری زرمبادلہ ذخائر بھی13 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔