خط نے پی پی کا بھانڈا پھوڑ دیا، بیوفائی سے ن لیگ پریشان 

0

اسلام آباد (رپورٹ:تصدق چوہدری): پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) قیادت کی جانب سے استعفے دینے کے اعلانات اور سندھ حکومت توڑنے کے بلاول کے بیان مذاق نکلے، پی پی قیادت کے الیکشن کمیشن کو خط نے سارا بھانڈا پھوڑ دیا، پی پی کی اصلی سیاسی حکمت عملی سامنے آگئی۔

دوسری طرف پی پی پی کی بیوفائی سے پردہ اٹھنے پر ن لیگ کی قیادت کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف بلاول زرداری پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اسمبلیوں سے استعفوں اور سندھ حکومت قربان کرنے کے بیان دے رہے ہیں، پی پی پی ارکان کے پارٹی کو استعفے موصول ہونے کی خبریں جاری کی جارہی ہیں، تو دوسری جانب پی پی کی سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلی کی 3 خالی نشستوں پر انتخاب کرانے کے لئے خط لکھ دیا، سندھ حکومت کے خط نے بلاول زرداری کی دو رخی سیاست سے پردہ اٹھا دیا ہے، اور یہ واضح کردیا ہے کہ استعفوں سے متعلق پی پی پی قیادت کے بیانات سیاسی ڈرامہ ہیں، حقیقت میں پی پی پی سندھ میں ارکان کے انتقال سے خالی ہوجانے والی 3 نشستیں بھی جلد ازجلد پر کرانے کیلئے کوششیں کررہی ہے، تاکہ سینیٹ میں اس کے یہ 3 ووٹ ضائع نہ ہوں، ذرائع کے مطابق اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ پی پی قیادت استعفوں پر ن لیگ سے کھیل رہی ہے، کیوں کہ اگر ان کا   ذرا بھی استعفے دینے کا ارادہ ہوتا ، تو وہ کبھی   خالی نشستیں پر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط نہ لکھتے۔

پی پی  پی کے اس خط کے بعد ن لیگ کی صفوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے، اور لیگی رہنما نجی طور پر تسلیم کررہے ہیں کہ پی پی ایک بار پھر ان کے ساتھ ہاتھ کرنے جارہی ہے، واضح ر ہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 52 عمر کوٹ، حلقہ پی ایس 88 ملیر 2، اور حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ کی نشستیں ارکان کے انتقال کے باعث خالی ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے مقررہ مدت میں انتخاب نہیں کروائے جا سکے، کرونا صورتحال کی نگرانی کرنے والے نیشنل کمانڈ سینٹر نے بھی الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات نہ کروانے کی درخواست کی تھی۔ تاہم استعفوں کے بیانات دینے والے پی پی قائد  بلاول زرداری کی ہدایت پر پی پی رہنما تاج حیدر کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کیا گیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت خالی نشستوں پر جلد ضمنی انتخابات کروائے جائیں۔ لیٹر میں مزید کہا گیا تھا کہ جن حلقوں میں ضمنی انتخابات کروائے جانے ہیں وہاں کرونا کے خطرات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

پی پی پی کے خط پر الیکشن کمیشن نے ملک میں خالی صوبائی اسمبلی کی 6 اور قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا  اصولی فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنرز کو ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

اس وقت سندھ اسمبلی کی تین نشستوں کے علاوہ قومی اسمبلی کے این اے 75 سیالکوٹ، این اے 45 خیبر ایجنسی، پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 51 گوجرانوالہ، کے پی  اسمبلی کے حلقے پی کے 63 نوشہرہ، بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 20 پشین  کی نشستیں خالی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.