روم: اٹلی میں کرونا پر قابو پانے اور ویکسین کے لئے مرکزی حکومت اور ریجنل حکومتوں نے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے، جن پر دسمبر کے آخرسے عمل شروع کردیا جائے گا۔ دوسری طرف اٹلی سمیت 8 یورپی ملکوں نے مربوط طریقے سے شہریوں کو ویکسین لگانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا وائرس ایمرجنسی کمشنر ڈومنیکو ارسوری نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی حکومت اور ریجنل سربراہان نے مشترکہ اجلاس میں جنوری کے شروع سے ویکسین لگانے کی منظوری دے دی ہے، کس ریجن کو پہلے مرحلے میں کتنا حصہ ملے گا، اور اس کا استعمال کیسے کیا جائے گا، اس حوالے سے لائحہ عمل طے کرلیا گیا ہے، سب سے پہلے ویکسین طبی عملے کو لگائی جائے گی، اور پھر اسی طرح بزرگ افراد سمیت دیگر زیادہ اہم شعبوں سے ہوتے ہوئے یہ دائرہ عام شہریوں تک پھیلایا جائے گا۔
اٹلی نے پہلے مرحلے میں 18 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکوں کا بندوبست کرلیا ہے، جو 9 لاکھ سے زائد افراد کے لئے استعمال کی جائیں گی، اطالوی وزیرصحت رابرٹو سپرانزا نے یورپی یونین کی جانب سے ویکسین کی منظوری کیلئے پیر کو اجلاس بلانے کا خیرمقدم کیا ہے، اور اسے اچھی خبر قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اب ہمیں سرنگ کے آخر میں روشنی نظر آرہی ہے، لیکن جب تک ہم معاشرے کے بڑے طبقے کو ویکسین لگانے میں کامیاب نہیں ہوجاتے، ہمیں اگلے چند ماہ محتاط رہنا ہوگا، اور ایس او پیز پر عمل ضروری ہے۔ اس سے پہلے اٹلی، جرمنی، فرانس، اسپین، بیلجئیم، لکسمبرگ، ہالینڈ اور سوئٹزرلینڈ نے مشترکہ بیان جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ آپس میں مل کر مربوط طریقے سے ویکسین کا پروگرام شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔