قرض لیکر سیاست کا آغاز کرنے والے چوہدری برادران کے اربوں کے اثاثے نکل آئے

0

لاہور: قومی احتساب بیورو نے چوہدری برادران کے اثاثوں کی تفصیل لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی ہے، چوہدری برادران نے بھی شریف برادران کی طرح بیرون ملک سے ٹی ٹیز کے ذریعہ ناجائز دولت کو قانونی بنانے کی کوشش کی، سیاست کا آغاز قرض لیکر کرنے والے چوہدری بردران اربوں کے مالک بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے چوہدری برادران کے اثاثوں کی تفصیل لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی ہے، اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک چوہدری پرویز الہی نے 1985 میں جب سیاست کا آغاز کیا، تو اس وقت ساڑھے 7 لاکھ روپے کے مقروض تھے، اور پھر دیکھتے دیکھتے وہ ارب پتی بن گئے، نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہی اب ساڑھے 6 ارب کے مالک ہیں، پرویز الہیٰ  اور مونس الہیٰ نے ڈھائی ارب روپے کی ٹی ٹیز لگوائیں، اسی طرح چوہدری شجاعت نے 1985 میں سیاست کے آغاز کیلئے 9 لاکھ روپے قرض لیا تھا، اور اب وہ ڈھائی ارب روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، نیب نے عدالت کو بتایا ہے کہ چوہدری برادران نے اختیارات سے تجاوز کرکے اربوں روپے کے اثاثے بنائے۔

عدالت نے سماعت شروع کی توعدالتی حکم پر ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم پیش ہوئے، اور چوہدری برادران کیخلاف جمع شواہد کی رپورٹ پیش کی، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ اور چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش ہوئے، اس موقع پر جسٹس شہرام سرور چوہدری نے کہا کہ 17 سال یہ انکوائری ایسا لگتا ہے سرد خانے میں پڑی رہی۔ بینچ کے دوسرے رکن جسٹس صداقت علی نے ڈی جی نیب سے سوال کیا کہ 19 اکتوبر 2017 کو آپ نے ذاتی طور پر کیس شروع کیا؟ جس پر شہزاد سلیم نے  بتایا کہ چئیرمین نیب نے زیر التواء کیسز پر کام کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نجم عباس کے پاس یہ انکوائری زیرالتواء تھی۔ بعد ازاں عدالت نے  سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.