اٹلی: کرسمس سیزن میں خریداری پر کیش انعامات کا اعلان

0

روم: اطالوی حکومت نے کرسمس سیزن میں خریداری کرنے والوں کے لئے اسکیم کا اعلان کردیا، جس کے تحت خریداری کے لئے ادا کی گئی، ان کی رقم میں سے کچھ حصہ واپس ان کے بینک اکاوئنٹس میں منتقل کردیا جائے گا، خریداری کے لئے رقم کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے کرسمس کے موقع پر خریداری کرنے والوں کے لئے کیش بیک اسکیم کا اعلان کیا ہے، یہ اسکیم 8 دسمبر سے   31 دسمبر تک جاری رہے گی، اور اس میں حصہ لینے کے لئے ضروری ہوگا کہ آپ جو بھی خریداری کریں، وہ کارڈ کے ذریعہ کی جائے، اسکیم کا حصہ بننے والوں کو نہ صرف 150 یورو تک  کا ری فنڈ ملے گا، بلکہ وہ بہت سے دیگر انعامات اور سب سے بڑھ کر ایک ملین یورو کی لاٹری کی قرعہ اندازی میں بھی شامل کئے جائیں گے۔

اسکیم میں شمولیت

اسکیم میں شامل ہونے کے لئے اٹلی کا رہائشی اور عمر 18 برس یا اس سے زائد ہونا ضروری ہے، اسکیم  کا حصہ بننے کے لئے حکومت کی IO ایپ میں رجسٹریشن ضروری قرار دی گئی ہے، یہ رجسٹریشن الیکٹرانک کارڈ SPID یا پھر اطالوی شناختی کارڈ کے ذریعہ کرائی جاسکتی ہے، آپ کا بینک اکاؤنٹ اور کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ ہونا چاہیئے۔

اس کے علاوہ PagoBancomat کارڈ رکھنے والے بھی رجسٹر کراسکتے ہیں، آُپ کو رجسٹریشن کے لئے اپنا وہ بینک اکاؤنٹ دینا ہوگا، جہاں حکومت آپ کو کیش بیک یعنی رقم واپس کرے گی، یہ رقم متوقع طور پر جنوری میں ری فنڈ کی جائے گی۔ اسکیم کا حصہ بننے کے لئے کم ازکم 10 ادائیگیاں کارڈ کے ذریعہ کرنی ہوں گی، لیکن اس کے لئے رقم کی حد نہیں، اگر آپ کافی پی کر اس کا بل بھی کارڈ سے ادا کرتے ہیں، تو وہ بھی ایک ادائیگی شمار ہوجائے گی، اور آپ اسکیم کا حصہ بنتے جائیں گے، ہر ٹرانزیکشن پر آپ کو زیادہ سے زیادہ 15 یورو کیش بیک ملے گا، اور زیادہ سے زیادہ فل کیش بیک 150 یورو رکھا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.