گجرات سے یونان پہنچنے والے 9 پاکستانی مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق، پروازیں بند
ایتھنز: یورپی ملک یونان واپس جانے والے 9 پاکستانیوں سمیت 12 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،مسافروں میں کورونا نکلنے پر قطر ائر ویز کی پروازیں دو ہفتوں کیلئے معطل کردی ہیں
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے کیلئے بین الاقوامی پروازیں بحال ہونے کے بعد یونان کا ورک پرمٹ رکھنے والے پاکستانی قطر ائیر ویز کی پرواز کے ذریعے ایتھنز روانہ ہوئے، براستہ دوحہ جانے والی پرواز پاکستانیوں سمیت مجموعی طور پر 91 مسافروں کو لیکر یونان پہنچی۔
ایتھنز ائیر پورٹ پہنچنے پر حکام نے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کئے، جس پر 9 پاکستانیوں سمیت 12 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئیں ہے۔
پاکستانیوں کا تعلق ضلع گجرات سے ہےجبکہ تین افراد یونان کے اپنے شہری ہیں، پاکستانیوں سمیت کورونا پازیٹو مریضوں کو یونانی حکام نے ہوٹل میں بنائے گئے قرنطینہ مرکز منتقل کردیا ہے۔
یونانی حکام نے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قطر ائیر ویز کی پروازیں 15 جون تک معطل کردی ہیں۔