جرمنی میں کار بے قابو ہوکر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی
برلن: جرمنی میں ایک شخص نے کرسمس خریداری میں مصروف راہ گیروں پر گاڑی چڑھادی ہے، جس سے 4 افراد ہلاک اور 15 شدید زخمی ہوگئے ہیں، پولیس نے ڈرائیور کو پکڑلیا ہے، جو کہ جرمن شہری ہے، پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ کا کسی مذہبی معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے مغربی شہر ٹریئر میں ایک شخص نے گاڑی راہ گیروں کے ہجوم پر چڑھادی، گاڑی روکنے سے قبل اس نے کئی افراد کو روند ڈالا، پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی سہ پہر پونے 2 بجے کے قریب مغربی صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے شہر ٹریئر میں پیش آیا۔ اس واقعہ میں کم ازکم 4 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے، واقعہ کے فوری بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ہیلی کاپٹر بھی طلب کرلئے گئے، جبکہ ایمبولینسوں کے ذریعہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، حکام کے مطابق 4 افراد ہلاک اور 15 شدید زخمی ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں ایک 72 سالہ بزرگ خاتون اور ایک 9 ماہ کا شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔
پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے، جو 51 سالہ جرمن شہری ہے، پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ واقعہ کا کسی مذہبی معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور ملزم نے زیادہ شراب پی ہوئی تھی، اس سے مزید تحقیقات جاری ہے۔