جعلی خبروں کا اوورسیز پاکستانی نشانہ، زلفی بخاری کو کس ملک سے معافی مانگنی پڑگئی؟

0

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کو ایک عرب ملک کے وزیر سے معافی مانگنی  پڑگئی، غلط خبریں چلنے سے لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا  پڑا ہے، جبکہ عرب ملک نے اس حوالے سے پاکستانی میڈیا میں چلنے والی رپورٹوں پر تشویش کا اظہار کیا

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت 9 ممالک کے شہریوں کے لئے وزٹ ویزوں پر پابندی لگادی ہے، اور اس کی وجہ کرونا کو قرار دیا ہے، یہ خبر تو ٹھیک تھی، البتہ اس کے بعد میڈیا کے کچھ حصوں میں یہ خبر بھی تواتر سے چلائی گئی کہ یو اے ای نے پاکستانیوں کیلئے ورک ویزے بھی بند کردئیے ہیں، اور  کچھ یوٹیوبر تو یواے ای میں مقیم 15 لاکھ پاکستانیوں کی بے دخلی کی جعلی رپورٹیں بھی چلانے میں مصروف رہے، جس سے ایک طرف متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی ذہنی دباؤ کا شکار رہے، تو دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی یواے ای کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ تاہم گزشتہ روز مشیر اوورسیز زلفی بخاری نے یو اے ای کے وزیر برائے انسانی وسائل  ناصر بن ثانی سے فون پر رابطہ کیا تو یواے ای کے وزیر نے پاکستانیوں کے لئے ورک ویزوں پر پابندی کی خبریں غلط قرار دے دیں، انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ورکروں پر ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، ناصر بن ثانی نے اس حوالے سے پاکستانی میڈیا میں چلنے والی رپورٹوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، ایسے میں آپ کا میڈیا ban کا لفظ کیوں بار بار استعمال کررہا ہے، ناصر بن ثانی کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے معاشی سست روی کے باعث ورک ویزوں کا اجرا سست ہے، اور یو اے ای کی کوشش ہے کہ پہلے سے موجود ورکرز کی ملازمتوں کو پہلے تحفظ دیا جائے، لیکن پاکستانیوں کے ورک ویزوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.