نواز شریف سمیت شریف فیملی کا کوئی مرد پاکستان نہیں آئے گا

0

لندن: شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم مرحومہ کی تدفین جاتی عمرہ لاہور میں ان کے شوہر میاں شریف کے پہلو میں کی جائے گی، میت آئندہ دو سے تین روز میں لندن سے لاہور پہنچنے کا امکان ہے، تاہم میت کے ساتھ کون آئے گا اس حوالے سے شریف فیملی میں سوچ بچار جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق مر حومہ کے صاحبزادے نواز شریف اور دونوں پوتوں حسن اور حسین یا شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی پاکستان واپسی کا کوئی امکان نہیں۔ نوازشریف والد میاں شریف کے انتقال پر بھی لاہور نہیں آسکے تھے۔ اس وقت پرویز مشرف کی حکومت تھی اور یہ سعودی عرب میں جلاوطن تھے۔ بعد ازاں نوازشریف کئی بار یہ کہتے تھے کہ مشرف نے انہیں والد کی میت کے ساتھ آنے کی اجازت نہیں دی تھی، اب صورتحال تبدیل ہے، اور ان کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں بلکہ حکومت تو خود انہیں پاکستان لانا چاہتی ہے، لیکن شریف فیملی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف میت کے ساتھ نہیں آئیں گے، وہ لندن میں نماز جنازہ پڑھیں گے۔

دوسری جانب مریم نواز نے بھی اپنے والد نواز شریف سے درخواست کی ہے، انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میں نے میاں صاحب سے درخواست کی ہے کہ آپ وطن بالکل واپس نہ آئیں، یہ ظالم اور انتقام میں اندھے لوگ ہیں جن سے کسی بھی قسم کی انسانیت کی توقع نہیں‘۔

ذرائع کے مطابق زیادہ امکان ہے کہ میت کے ساتھ شریف فیملی کا کوئی مرد نہیں آئے گا، البتہ نوازشریف کی صاحبزادی اسما اور نواسہ جنید صفدر میت کے ساتھ ممکنہ طور پر آئیں گے۔ شریف فیملی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف لندن میں ہی علاج کیلئے مقیم رہیں گے، جبکہ ان کے صاحبزادے حسن، حسین، سلمان شہباز اور اسحق ڈار بھی لاہور نہیں آئیں گے، حسن اور حسین گرفتاری کے خوف سے والدہ کی میت کے ساتھ بھی نہیں آئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.