انگلینڈ میں سخت ترین لاک ڈاؤن، بیرون ملک جانے پر بھی مشروط پابندی

0

لندن: انگلینڈ میں بھی کرونا کی صورتحال بے قابو ہوگئی، جس کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے انگلینڈ میں ایک ماہ کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے، یہ اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے کہ جب برطانیہ اموات کے لحاظ سے سب سے اوپر آگیا ہے، یومیہ نئے کیسز 20 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔

برطانیہ کے سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ اموات 80 ہزار سے تجاوز کرسکتی ہیں، جو اس وقت 47 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہیں، ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں بلائی گئی ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ کرونا کی صورتحال بگڑ گئی ہے،اب اقدامات اٹھانا ناگزیر ہوگیا ہے، انہوں نے زمانہ امن میں سب سے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹھوس وجاہات کی بنا پر کسی کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، انہوں نے ٹھوس وجوہات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کام پر جانا، تعلیم کیلئے گھر سے نکلنا اور ضروری اشیاء اور ادویات کی خریداری کیلئے جانا شامل ہے، برطانوی وزیراعطم نے اعلان کیا کہ شہریوں کے دوسرے ممالک کے سفر کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے گی، اور صرف ضروری کاموں کے لئے سفر کیا جاسکے گا، اسی طرح تمام غیر ضروی ریٹیل سروسز بند کردی جائیں گی، اس موقع پر برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر کرس ویٹی اور ان کے چیف سائنٹفک ایڈوائزر پیٹرک ویلنس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ بورس جانسن نے کہا کہ انہیں عوام کا احساس ہے، حکومت لاک ڈاؤن سے بیروزگار ہونے والوں کیلئے امدادی کو بحال کرے گی۔

جس کے تحت بیروزگار ہونے والوں کو ان کی تنخواہ کا80  فیصد ملتا رہے گا، پب اور ریسٹورنٹ بند کیے جارہے ہیں، تاہم ضروری سامان کی دکانیں، اسکول ، یونیورسٹیاں کھلی رہیں گی، عبادت خانے کھلے رہیں گے تاہم ان میں اجتماعی عبادت نہیں ہوگی، اسی طرح کسی کے انتقال پر آخری رسومات میں صرف فیملی ممبران شرکت کرسکیں گے۔

اس موقع پر ان کے  چیف میڈیکل آفیسر نے کہا کہ اگر ہم سخت اقدامات کا فیصلہ نہ کرتے تو صحت کا نظام بوجھ برداشت نہین کرسکتا تھا، دوسری طرف اپوزیشن جماعت لیبر کے لیڈر کیئر اسٹورنر جنہوں نے دو ہفتے قبل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا تھا ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں تاخیر کی قیمت انسانی جانوں اور معاشی نقصان کی صورت میں اب ہمیں ادا کرنی پڑے گی، دوسری طرف پہلے سے ہی دباؤ کا شکار برطانوی معیشت پر نئے لاک ڈاؤن سے مزید دباؤ بڑھے گا جو پہلے ہی 20 فیصد تک تنزلی کا شکار ہوچکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.