اٹلی میں غیر ملکیوں میں بڑا اضافہ، کاغذات جمع کرانے والے بھی لائن میں

0

روم: اٹلی میں غیرملکیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اور وہ ملکی آبادی کا 8 اعشاریہ 9 فیصد ہوگئے ہیں، یہ اعداد وشمار Leone Moressa فاؤنڈیشن نے سالانہ رپورٹ میں دئیے ہیں، اس رپورٹ کو عالمی ادارہ برائے مہاجرین( آئی او ایم ) کی تائید بھی حاصل ہے، دوسری جانب مزید سوا 2 لاکھ غیرملکیوں نے قانونی ہونے کیلئے درخواستیں دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فاؤنڈیشن کی 10 ویں سالانہ رپورٹ میں ایک طرف اٹلی میں تارکین وطن کے معیشت سمیت مختلف شعبوں میں مثبت کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے، تو دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ 2010 کے  بعد سے اٹلی میں تارکین وطن کی آبادی میں 44 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، جو 36 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ کر اب 52 لاکھ 60 ہزار ہوگئے ہیں، اس طرح تارکین وطن اطالوی آبادی کا تقریباً پونے 9 فیصد بنتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زیادہ تر غیرملکی سیاسی پناہ یا پھر فیملی ری یونین کے لئے اٹلی آرہے ہی، اگرچہ غیر ملکیوں کی آمد میں اضافہ ہورہا ہے، تاہم رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ حالیہ برسوں میں  پروفیشنلز کی آمد میں کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ 2011 کے بعد سے اٹلی نے غیر یورپی شہریوں کیلئے قانونی طور پر امیگریشن کے زیادہ مواقع فراہم نہیں کئے۔

ریگولرائزیشن

اٹلی نے مزید تارکین وطن کو ریگولر کرنے کے لئے جون میں ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت زراعت اور گھریلو ملازمتوں کے شعبوں میں ریگولرائزیشن کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار غیرملکیوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، اٹلی کی نائب وزیرداخلہ میتیو میوری نے ان درخواستوں کی منظوری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے بھی 2 لاکھ 20 ہزار درخواستیں ملنے کا اندازہ لگایا تھا، ہمارے اندازے کے مطابق درخواستیں آئی ہیں، ریگولرائزیشن سے تارکین وطن کی اطالوی معاشرے میں ہم آہنگی بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اطالوی حکومت کی جانب سے ان تارکین وطن کی ریگولرائزیشن کے اشارے سے اٹلی میں ان کی آبادی میں اضافہ ہوگا، ریگولر ہونے والے بعد ازاں اپنی فیملی کو بھی اٹلی بلانے کیلئے اہل ہوجاتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.