کرونا کا خوف، اٹلی میں خاتون نے بچی کے ساتھ کیا کیا

0

سسلی: کرونا کے خوف نے خون  پتلا کردیا، اٹلی میں خاتون کرونا سے متاثرہ نئی پیدا ہونے والی بچی کو اسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئی، خاتون خود بھی کرونا سے متاثرہ تھی، ڈاکٹروں نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے، جس کے بعد پولیس نے خاتون کی تلاش شروع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ریجن  پلیرمو سسلی کے اسپتال میں مشرقی یورپ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنی نوزائیدہ بچی کو چھوڑ کر فرار ہوگئی، اطالوی اخبار کے مطابق مذکورہ خاتون اپنی نئی پیدا ہونے والی بچی کے کرونا سے متاثر ہونے کے بعد اسے سسلی کے کرسٹینا اسپتال لے کر آئی تھی، جہاں اس کا علاج  شروع کیا گیا، تاہم خاتون خود بھی وبا سے متاثر نکلی، لیکن اس کے بعد وہ بچی کو چھوڑ کر خاموشی سے اسپتال سے نکل گئی۔

اسپتال کے عملے نے خاتون سے رابطے کی بہت کوشش کی لیکن کئی دن تک رابطہ نہ ہونے کے بعد پولیس کو مطلع کردیا گیا، اسپتال میں داخل کرائی گئی معصوم بچی اب کرونا کے اثرات سے نکل کر صحت یاب ہوگئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اسپتال کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اور عینی شاہدین کے بیانات لے رہی ہے، اور امید ہے کہ مذکورہ خاتون کو جلد تلاش کرلیا جائے گا۔

اسپتال کے ڈاکٹر فرناری کا کہنا ہے کہ اسپتال کے بچہ وارڈ میں اسکول کھلنے کے بعد 17 بچے داخل کئے جاچکے ہیں، تاہم ان میں سےصرف 4 بچوں   کو کچھ پچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، باقی بچوں کی حالت  اچھی ہے، اور انہیں جلد ٹیسٹ کلئیر آنے پر ڈسچارج کردیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.