آرڈر دیں اور چیز حاضر، نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت مل گئی

0

نیویارک: جس طرح پی ٹی وی کے ڈرامے میں ’’زکوٹا جن‘‘ فوری ہر چیز حاضر کردیتا تھا، کچھ ایسا ہی انتطام اب اپنے صارفین کے لئے امریکی کمپنی ایمازون نے کردیا ہے۔

امریکہ میں اب آپ کو آن لائن آرڈر دینے کے بعد زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا، کیوں کہ اب ڈلیوری بوائے ٹریفک میں نہیں پھنسیں گے، نہ ہی ڈاک کے نظام کی وجہ سے تاخیر ہوگی، بلکہ ہوا کے دوش پر اڑتے ہوئے آپ کی چیز پاس پہنچ جائے گی، اور وہاں دروازے پر ڈلیوری بوائے کا انتظار کرنے کے بجائے اب آپ کو گھر کی چھت پر جاکر ڈلیوری لینی ہوگی۔

جی ہاں امریکی کمپنی ایمازون نے اپنے ڈلیوری ڈرون طیاروں کے آپریشن کے لیے حکومت سے سے منظوری لے لی ہے ، جس کے بعد کمپنی کے چھوٹے ڈرون طیاروں کو پارسلوں کے پیکٹ لے کر جانے کی اجازت ہو گی۔

دنیا کا سب سے بڑاآن لائن اسٹور چلانے والی ایمازون کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس اجازت کو صارفین تک ڈلیوری جانچنے کے آغاز کے لیے استعمال کرےگی۔

ڈرون طیاروں کے ذریعے ڈلیوری کا آپریشن محفوظ ہو گا۔ جس کے لئے پہلے ہی تجربات کرلئے گئے ہیں، کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پراعتماد ہے کہ ایک روز ہم ساری دنیا میں ڈلیوری کے لیے ڈرون طیارے استعمال کر رہے ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایمازون کمپنی نے 2013ء میں ڈرون طیاروں کے ذریعے ڈلیوری کا تجربہ کیا تھا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ 15 کلومیٹر تک مطلوبہ پارسلوں کو 30 منٹ یا اس سے بھی کم عرصے میں صارفین کے دروازوں تک پہنچا دیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.