3 عرب ملکوں میں ماتمی اجتماعات کی اجازت، شرائط پر عمل لازمی
ریاض:سعودی عرب، اومان اور کویت نے اپنے شیعہ شہریوں کو عاشورہ پر اجتماعات کی اجازت دے دی ہے، تاہم کرونا کی وجہ سے اجازت ناموں کو مشروط کیا گیا ہے، اور منتظمین کو ان پر عمل یقینی بنانا ہوگا۔
تینوں حکومتوں نے اپنے شیعہ شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں میں رہ کر لائیو نشریات کے ذریعہ ان اجتماعات سے منسلک رہنے کو ترجیح دیں، تاکہ وبا پھیلنے کے خطرے کا سدباب کیا جاسکے، عرب ممالک میں 9 اور 10 محرم 28 اور 29 اگست کو پڑ رہا ہے، اور یہ اجازت ان دو روز کے لئے دی گئی ہے ،
سعودی حکومت نے کہا ہے کہ عاشورہ اجتماعات میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد شریک ہوسکیں گے، اور انہیں سماجی فاصلہ یقینی بنانا ہوگا، اسی طرح تمام شرکا کے لئے ماسک بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ کرونا کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔
خلیجی اخبار کے مطابق کویت میں حکام نے ماتمی اجتماعات کو 15 منٹ تک محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے، اس کے علاوہ 15 برس سے کم اور 60 برس سے زائد عمر کے افراد کے شرکت کرنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے، ماسک اور سماجی فاصلہ بھی یقینی بنانا ہوگا۔