اسلام آباد: راولپنڈی میں بیوی کو قتل کرنے والے صحافی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، تاہم مقتولہ کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کے قاتل کو بچانے کیلئے اس کا میڈیا گروپ اثرو رسوخ استعمال کررہا ہے۔
بیوی کو قتل کرنے والا علی سلمان علوی خاتون اینکر عاصمہ شیرازی کا پروڈیوسر ہے، اور اسے بچانے کے حوالے سے عاصمہ شیرازی پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔
بیوی کے قاتل پروڈیوسر کو بچانے کے حوالےسے الزام سامنے آنے پر صحافی عدیل راجہ نے بھی عاصمہ شیرازی کو ٹوئٹ میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملزم علی سلمان علوی عاصمہ شیرازی کے پروگرام کا پروڈیوسر ہے، عاصمہ شیرازی انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھانے کی شہرت رکھتی ہیں، امید ہے کہ وہ اس قتل کیخلاف بھی پروگرام کریں گی۔
Ali Salman is producer of @asmashirazi – I hope she will take up this issue in her program tonight as she is a vocal human rights advocate. The family of the girl has revealed that media influence is being used to give favour to the accused. https://t.co/SsAZQ0KkbB
— Adeel Raja (@adeelraja) July 8, 2020
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ مقتولہ کے ورثا الزام لگارہے ہیں کہ میڈیا کا اثر ورسوخ استعمال کرکے ان کی بیٹی کے قاتل کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم اس پرعاصمہ شیرازی نے انہیں جواب دیا کہ واقعہ کے بعد علی سلمان علوی کو ملازمت سےفارغ کردیا گیا ہے۔
اینکر ارشد شریف نے ٹوئٹ کیا کہ امید ہے کہ راولپنڈی پولیس کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔
قتل کہاں ہوا
راولپنڈی کی یوسف کالونی کے رہائشی علی سلمان علوی نے 29 جون کو اپنی بیوی صدف زہرہ کے گھر والوں کو فون کرکے بلایا اور کہا کہ صدف زہرہ نے خود کشی کرلی ہے، مقتولہ کے اہلخانہ فوری طور پر وہاں پہنچے تو کمرے میں صدف زہرہ کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی تھی، جبکہ قریب ہی ایک سیڑھی بھی موجود تھی۔
مقتولہ کی بہن کا کہنا ہے کہ علی سلمان علوی اس کی بہن پر تشدد کرتا تھا، پولیس نے مقتولہ کے اہلخانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔