اٹلی کی حکومت نے بیوروکریسی کے پر کاٹنے کا فیصلہ کرلیا، معاشی بحالی کی امید روشن

0

روم: اطالوی بیوروکریسی (سرخ فیتہ) کی سستی پاکستان ہی نہیں اٹلی کا بھی مسئلہ ہے، لیکن اب اٹلی  کی حکومت نے طویل مشاورت کے بعد  بالآخر ان اقدامات کی منظوری دے دی ہے، جن سے ملک میں سرخ  فیتہ یعنی بیورو کریسی کی رکاوٹیں دور ہوں گی، اور فیصلوں پر تیزی سے عمل کی راہ ہموار ہوگی۔

اطالوی وزیراعظم کونتے نے اسے ملک کیلئے اہم موقع قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے اٹلی کی معیشت کیلئے راہیں کھل جائیں گی، حکمران اتحاد کی جماعتوں فائیو اسٹار موومنٹ، اور سینٹر لیفٹ ڈیموکریٹ کے درمیان ان اصلاحات پر گزشتہ کئی ہفتوں سے  مشاورت اور بحث جاری تھی، متفقہ فیصلے پر پہنچنے کیلئے بھی  وزرا ساری رات سر جوڑ کر بیٹھے رہے۔

اطالوی حکومت نے کہا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں 130 سے زائد بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تعمیر کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جن میں ائرپورٹس، ہائی ویز، پل اور دیگر منصوبے شامل ہیں، یہ منصوبے بیوروکریسی کے سرخ فیتے کی وجہ سے التوا کا شکار تھے۔

اطالوی وزیراعظم کونتے نے بعد میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے نئی اصلاحات کو انقلاب سے تعبیر کیا، اور کہا کہ ان پر عمل سے ملکی معیشت کو تیزی سے بحال کرنے میں مدد ملے گی، جو کرونا بحران کی وجہ سے  خراب صورتحال سے دوچار ہے۔

یورپی یونین کا دباؤ

سرخ فیتے کے خاتمے کیلئے اٹلی کو یورپی یونین کے دباؤ کا بھی سامنا تھا، جو اس رکن ملک کی بیوروکریسی کے سست رفتار رویے   سے پریشان تھی، یورپی کمیشن نے اس سے پہلے اطالوی معیشت کے بارے میں پیشگوئی کی تھی کہ یہ 11 فیصد سے زائد نیچے جائے گی، یورپی یونین اگلے ہفتے کرونا سے زیادہ متاثر ممالک کیلئے 750 ارب یورو کے پیکج کی منظوری دینے والی ہے۔

یورپی یونین اس حوالے سے متعلقہ ممالک سے جامع پلان چاہتی تھی کہ وہ رقم کو کس طرح خرچ کریں گے، اصلاحات کی منظوری کے بعد اٹلی کیلئے یورپی پیکج میں زیادہ حصے کی راہ ہموار ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.