پاکستان کی کرونا کیخلاف بڑی کامیابی، پہلی بار مریض صحتیاب افراد سے کم رہ گئے

0

اسلام آباد: ایک ایسے وقت میں جب بھارت اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں کرونا کی صورتحال بے قابو ہورہی ہے ،پاکستان کو الحمدوللہ کرونا پر قابو پانے میں بڑی کامیابی حاصل ہو ئی ہے اور پہلی بار مریضوں کی تعداد صحت یاب ہونے والوں سے کم رہ گئی ہے۔

اس کامیابی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تحت سول اور فوجی اداروں کے درمیان بہترین اشتراک نے اہم کردار ادا کیا ہے جس سے وبا کے خلاف قومی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے میں مدد ملی۔

جمعہ کو صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار623 ہوگئی جبکہ ملک میں مریضوں کی تعداد کم ہوکر ایک لاکھ 3 ہزار722 رہ گئی۔  ان میں سے بھی صرف 4 ہزار614 اسپتالوں میں تھے جبکہ باقی مریضوں کی حالت اتنی مستحکم تھی کہ وہ گھروں میں قرنطینہ میں تھے۔

جمعرات تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار 694 تھی۔ اس طرح صرف 24 گھنٹوں میں کرونا سے صحت یا ب ہو نے والوں کی تعداد میں تقریباً 9 ہزار کا بڑا اضافہ ہوا جو شہریوں میں بڑھتی ہوئی قوت مدافعت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

مسلسل دوسرے روز اموات کی تعداد 78 رہی اور یہ گزشتہ کچھ دنوں میں ہونے والی کمی کے تسلسل کو ظاہر کرتی ہے، اس سے پہلے جون کے وسط میں کرونا سے یومیہ  اموات سو سے تجاوز کرگئی تھیں،جمعہ کو 22 ہزار 941 ٹیسٹ کئے گئے جن سے 4 ہزار87 نئے کیس سامنے آئے ۔

اس طرح کیسز کی تعداد بھی جو گزشتہ ماہ جون میں ایک وقت میں 6 ہزار یومیہ تک پہنچ گئی تھی اب ایک تہائی سے کم ہوگئی ہے،  اور سب سے اطمینان بخش پہلو یہ ہے کہ نئے مریضوں کی تعداد صحت یاب ہونے والوں سے کم ہوگئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.