جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن انتقال کرگئے

0

سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن طویل علالت کے بعد آج 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

سید منور حسن گزشتہ چند روز سےکراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے،جہاں ان کی طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وینٹی لیٹر پر بھی منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ترجمان جماعت اسلامی کراچی سرفراز احمد کے مطابق سیدمنور حسن  کی نماز جنازہ کل 27  جون بروز ہفتہ  بعد نماز ظہر عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی اور بعد ازاں انہیں سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔

سید منورحسن کا تعارف

پیدائش:

سید منور حسن ک اگست1941ء میں دہلی میں پیدا ہوئے اور 1947 میں خاندان کے ہمراہ بھارت سے ہجرت کرکے پہلے لاہور اور پھر لاہور سے کراچی پہنچے۔

تعلیم:

 سید منور حسن نے ابتدائی تعلیم جیکب لائن کے ایک اسکول سے حاصل کی،انہوں نے1963ءاور 1966ءمیں جامعہ کراچی سے عمرانیات اوراسلامیات میں”ایم اے“ کے امتحانات امتیازی حیثیت سے پاس کیے۔

سید منورحسن اسلامک ریسرچ اکیڈمی کراچی کے ڈائریکٹر بھی رہے، ان کی نگرانی میں اس اکیڈمی نے 70 سے زائد علمی کتابیں شائع کیں۔

سیاست میں حصہ:

انہوں نے نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاست کا آغاز کیا لیک، وہ 1959 میں نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر بھی رہے ، جس کےبعد انہوں نےجماعت اسلامی کےبانی سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ مرحوم کے لٹریچر سے متاثر ہوکرنیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے نکل کر اسلامی جمعیت طلبہ   میں شمولیت اختیار کرلی۔

سید منورحسن جون 1960ء میں اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہوئے، اور اکتوبر 1962ء میں بطوررکن  اسلامی جمعیت طلبہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا، جس کے بعد وہ 1962 میں ہی اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ناظم  منتخب ہوگئے ۔

منور حسن مسلسل تین مرتبہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ منتخب ہوئے، اور 1968 میں اسلامی جمعیت طلبہ سے فارغ ہوکر”جماعت اسلامی پاکستان“ میں شمولیت اختیار کی۔

انہوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کے بعد جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور نائب امیرکی حیثیت سے بھی اپنے فرائض انجام دیے ،وہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ اور مجلس عاملہ کے بھی رکن منتخب ہوئے، وہ جنوری 1989 سے نومبر 1991ء تک جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے منصب پر فائز رہے۔

سید منورحسن 1977کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ملک بھر میں سب سے زیادہ ووٹ لینے کا ریکارڈ قائم کیااور 1977میں ہی  جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری جنرل کے طور پر بھی فرائض انجام دیئے،وہ 1977میں چلائی جانے والی تحریک نظام مصطفی  کا بھی اہم حصہ رہے اوراس تحریک کو کراچی میں منظم کیا۔

سید منورحسن 2009 میں بھاری اکثریٹ سے جماعت اسلامی پاکستان کے چوتھے امیر مقرر ہوئے، اور 2014 تک اس منصب پر فائز رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.