غرب اردن ہتھیانے کیلئے اسرائیل کو امریکی سگنل، یورپی ارکان کا سخت ردعمل

0

برسلز: امریکہ نے فلسطین میں غربِ اردن کے علاقے کو ضم کرنے کیلئے اسرائیل کو گرین سگنل دے دیا ہے،جبکہ دوسری طرف یورپی یونین کے 25 ممالک کے ایک ہزار سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے مشترکہ خط میں یورپی قیادت سے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کو اس منصوبے سے روکنے کیلئے عملی کردار ادا کرے، یورپی ارکان نے اسرائیلی منصوبے کو امن کیلئے تباہ کن قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اسرائیل کو غرب اردن پر قبضے کا سگنل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی خود مختاری میں توسیع کا فیصلہ اسرائیلیوں ہی کو کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے انتہا پسند وزیراعظم بینجامین نیتن یاہو نے یکم جولائی سے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے میں واقع یہودی بستیوں اور وادیِ اردن کو غاصبانہ طور پر صہیونی ریاست میں ضم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مائیک پومپیو نے اسرائیل کو گرین سگنل ایسے موقع پر دیا ہے، جب سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے حصوں کو ہتھیانے کے منصوبے سے باز آجائے۔

دوسری جانب 25 یورپی ممالک کے ایک ہزار سے زائد یورپی ارکان پارلیمان نے بھی کھلے خط میں اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے حصوں کو ضم کرنے کی کوششوں سے بازرہے۔

یورپی ارکان نے امریکی صدر ٹرمپ کے روئیے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اسرائیلی منصوبے کے عالمی سطح پر اثرات کے بارے میں تشویش کا شکار ہیں۔

ارکان نے یورپی رہنماٶں پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کو اس اقدام سے بازرکھنے کیلئے کردار ادا کریں ، انہوں نے کہا یہ وقت ہے کہ یورپی رہنما اسرائیل فلسطین تنازعہ کے پرامن حل کیلئے فیصلہ کن انداز میں عملی اقدامات اٹھائیں۔

یورپ کو دیگر قوتوں سے مل کر اسرائیلی منصوبے کو روکنے کی کوشش کرنی ہوگی۔

اس سے قبل یورپی یونین کے عہدیدار اس بات کا بھی اشارہ دے چکے ہیں کہ اگر اسرائیل اپنے منصوبے پر عمل سے باز نہ آیا ، تو یونین اس پر پابندیاں لگاسکتی ہیں ،تاہم اسرائیل پر پابندیاں لگانے کیلئے تمام 27 رکن ممالک میں اتفاق رائے درکار ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.