ثالثی کرینگے نہ مدد، روس نے بھارت کو جھنڈی دکھادی 

0

 ماسکو: روس نے بھارتی امیدوں پر پانی پھیر دیا، چین کےساتھ ثالثی کرانے سے انکار کردیا.

بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ جو روس کی وکٹری پریڈ میں شرکت کیلئے وہاں کے دورے پر ہیں، انہوں نے روسی حکام سے چین کے معاملے میں مدد طلب کی تھی، لیکن روس نے واضح کردیا ہے کہ وہ غیر جانبدار رہے گا، اور ثالثی کا کردار بھی ادا کرنے کیلئے تیار نہیں۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ ہمیں بھارت اور چین کے معاملے میں مداخلت کی ضرورت  نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ چین اور بھارت کو کسی کی مدد کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب  چینی وزیردفاع وی فین ژی بھی روسی وکٹری ڈے کی پریڈ دیکھنے کیلئے روس پہنچے  ہیں، چینی ذرائع نے ان کی بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا تھا، تاہم بھارتی وزارت خارجہ نے اسے مسترد کیا ہے۔

اس دوران دونوں ملکوں کے فوجی کمانڈرز کے درمیان  مذاکرات ہوئے ہیں، بھارت کی جانب سے 14 کور کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ  جبکہ تبت ملٹری ڈسٹرکٹ کے کمانڈر میجر جنرل لیو لن نے چین کی نمائندگی کی، فریقین نے لداخ میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ کمانڈروں کی ملاقات کے بعد دونوں فریق ‘متفق ہوئے ہیں کہ صورت حال کو ٹھنڈا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

چینی ترجمان نے کہا کہ فوجی  حکام کے اجلاس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک اختلافات کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے کم کرنا چاہتے ہیں، بھارت نے سرکاری سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کیا لیکن بھارت فوج کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بعد کشیدگی کو کم کرنے پر باہمی اتفاق ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.