14 روز مکمل ہونے پر معمول کی زندگی پر جائیں، دوبارہ ٹیسٹ نہ کرائیں، امریکی ماہر

0

ورجینیا: امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹرفہیم یونس نے کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کو اہم مشورے دئیے ہیں۔

یونیورسٹی آف میری لینڈ کے چیف آف انفیکشیز ڈیزیز ڈاکٹر فہیم یونس کا کہنا ہے کہ اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کو دوبارہ ٹیسٹ نہیں کرانا چاہئے، کیوں کہ ایسی صورت میں ان کا کورونا ٹیسٹ پھر پازیٹو آسکتا ہے، جو حقیقت میں غلط ہوگا، کیوں کہ انہیں یہ بیماری چھوڑ چکی ہوگی، اس لئے دوبارہ ٹیسٹوں پر پیسہ ضائع نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کو 14 روز بعد قرنطینہ ختم کرکے معمول کی زندگی کی طرف لوٹ جانا چاہئے، کیوں کہ قدرت کے دئیے مدافعتی نظام کی وجہ سے انسانی جسم 14 روز میں اس وبا پر قابو پاچکا ہوتا ہے۔

ڈاکٹر فہیم کا کہنا ہے کہ صحتیاب ہونے والوں کو بعد میں بھی کچھ عرصہ پوری نیند لینی چاہئے، اور وہ غذا بھی اچھی استعمال کریں، لیکن اس کیلئے قدرتی غذا، انڈوں اور پھلوں کا استعمال مفید ہے، نہ کہ تجارتی اشتہار ات میں دکھائی جانے والی خوراک استعمال کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.