سری لنکا میں ٹانگے اور گدھا گاڑیوں کا دور لوٹ آیا

0

کولمبو: کیا کوئی سوچ سکتا تھا کہ موجودہ دور میں جب گاڑیوں سے لے کر ٹرینیں۔ طیارے اور بحری جہاز سفر اور سامان کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں، کسی ملک کے باشندوں کو ایک صدی پیچھے جانا پڑجائے گا، اور تانگوں و گدھا گاڑیوں کا دور لوٹ آئے گا، لیکن ایسا اب حقیقت میں ہوگیا ہے۔

جی ہاں سری لنکا جو چند برس قبل تک مستحکم ملک تصور کیا جاتا تھا، عالمی مہنگائی کی لہر اور مہنگے چینی قرضوں نے اس کی معیشت کو بٹھا دیا ہے، اور اب اس کے پاس تیل خریدنے کے لئے ڈالر نہیں رہے، جس کے نتیجے میں گاڑیاں کھڑی ہونی شروع ہوگئی ہیں۔ پرائیویٹ بس اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ اپنی 20,000 گاڑیوں کے بیڑے کا صرف ایک چوتھائی حصہ چلانے کے قابل ہیں، ڈرائیور گھنٹوں لائنوں میں لگ کر تیل خرید رہے ہیں۔ 51 سالہ بس ڈرائیور سارتھ نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں دو دن تک بس نہیں چلا سکا کیونکہ میرے پاس بس چلانے کیلئے ڈیزل نہیں تھا۔ ’’میں ساڑھے سات گھنٹے سے ڈیزل لینے کیلئے قطار میں کھڑا ہوں‘‘۔ ملک میں تیل سپلائی کرنے والی کمپنی لنکا آئی او سی نے قیمتوں میں 12 فیصد اضافہ کردیا ہے، جبکہ سرکاری پیٹرول کمپنی سیلون پیٹرولیم کارپوریشن (سی پی سی) نے بھی حکومت سے قیمتیں بڑھانے کی اجازت مانگ لی ہے۔ سرکاری کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ سی پی سی کے پاس صرف چار دنوں کے لیے تیل کی سپلائی رہ گئی ہے، ہم نے گیس اسٹیشنز کو بھی ڈیزل کی سپلائی کم کردی ہے۔

دوسری جانب 25 سال بعد ملک میں ساڑھے سات گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا گیا ہے، سری لنکن پبلک یوٹیلیٹیز کمیشن (PUCSL) کا کہنا ہے کہ تیل نہ ہونے کے سبب بیشتر پاور پلانٹس بند ہوگئے ہیں، جس کے باعث ملک میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.