پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی

0

راولپنڈی: پاک بحریہ نے جاسوسی کے لیے آنے والی بھارتی جدید ترین آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی اور اسے بھاگنے پر مجبور کردیا، پاک بحریہ کا پانچ سالوں میں چوتھی بار بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائر یکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق پاک بحریہ نے یکم مارچ کو جاسوسی کے لیے آنے والی بھارتی جدید ترین آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔ ترجمان پاک فون نے ٹوئٹر پر بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخلے کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی کلوری کلاس آبدوز کا سراغ پاک بحریہ کی انسداد سب میرین یونٹ نے لگایا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی بحریہ نے آبدوز مذموم مقاصد کے ساتھ پاکستان کے خلاف تعینات کی اور پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلےکی کوشش ناکام بنادی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ماحول اور پاک بحریہ کی مشق سی سپارک 22 میں یہ اہم واقعہ ہے، بھارتی آبدوز جاسوسی اور مشق سے متعلق معلومات اکٹھا کرنے آئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ پاک بحریہ نے مشقوں میں سخت نگرانی اور چوکنا رہنے کے طریقے کا اطلاق کیا، بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا جانا پاک بحریہ کی مستعدی اور عزم کا عکاس ہے، پاک بحریہ سمندری حدود کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.