مہاجرین کو بغیر درخواست 3 سال کے پیپر دینے پر یورپی یونین تیار

0

برسلز: یورپی یونین مہاجرین کو بڑی سہولت دینے کے لئے تیار، بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر غور، بغیر دستاویز اور درخواست تین سال کا پرمٹ جاری کیا جائے گا، منظوری کے لئے یورپی وزرائے داخلہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا، اہم ممالک منظوری کے لئے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کے بعد خود کو محفوظ رکھنے کیلئے مہاجرین کی بڑی تعداد یورپی ممالک کا رخ کررہی ہے، اسی اثناء میں یورپی یونین کے رکن ممالک کا مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر غورکررہی ہے، یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر برسلز میں یورپی رکن ممالک کے وزرائے داخلہ کا غیر معمولی اجلاس ہوا، جس میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور ممکنہ مہاجرین کے بحران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ‘کونسل ڈائریکٹو 2001/55/EC’  قانون کو ہنگامی طور پر فعال کرنے پر بھی بات چیت کی گئی، اس قانون کے تحت غیر یورپی ممالک سے آنے والے پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کو فوری اور عارضی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس قانون کو سب سے پہلے1990  میں یوگوسلاویا جنگ کے نتیجے میں بلکان ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں مہاجرین کے یورپ پہنچنے پر متعارف کروایا گیا تھا۔

جس کا اطلاق بڑی تعداد میں مہاجرین کے آنے کی وجہ سے امیگریشن حکام کیلئے پناہ کی درخواستوں پر فیصلہ کرنا ناممکن ہوجانے پر کیا جاتا ہے، اس قانون کے تحت سیاسی پناہ کے لیے اپنایا جانے والے معمول کے طریقہ کو عارضی طور پر معطل کردیا جاتا ہے۔

اور مہاجرین کو سیاسی پناہ کے پیچیدہ طریقہ کار سے گزرے بغیر رہائش کا درجہ دے دیا جاتا ہے۔ یورپی کمشنر یلوا جانسن نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں یہ صحیح وقت ہے کہ عارضی تحفظ کے قانون کو استعمال کیا جائے، تاکہ یوکرین سے آنے والے مہاجرین کو  مناسب تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ فرانس کے وزیر داخلہ، جرمن وزیر داخلہ نینسی فیزر، یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کی کونسل کے سربراہ جیرالڈ درمانین اور دیگر رکن ممالک کے نمائندوں نے اس تجویز کی حمایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: مہاجرین کا نیا سیلاب، 2 یورپی ملکوں نے مفت ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن وزیرداخلہ نے کہا کہ یوکرین سے آنے والے مہاجرین کو “تین سال تک” یورپی یونین میں عارضی تحفظ دیا جائے گا۔ اس تجویز کو نافذ کرنے کیلئے 3 مارچ کو ہونے والے یورپی یونین کے وزرائے داخلہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا، اس تجویز پر عملدرآمد کیلئے کم از کم 15 رکن ممالک کی حمایت درکار ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.