روم: روس کی جانب سے یوکرائن پر حملے کے بعد یورپی ممالک نے روسی گیس کے متبادل پر کام شروع کردیا ہے، تاکہ روس کی گیس پر انحصار کم کیا جاسکے، اس حوالے سے بڑے پیمانے پر روسی گیس پر انحصار کرنے والے اٹلی اور جرمنی کے کچھ منصوبے سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی میں اس وقت 45 فیصد گیس روس سے آتی ہے، اور توانائی کے شعبے میں اٹلی بڑے پیمانے پر روسی گیس پر انحصار کررہا ہے، تاہم یوکرائن پر روس کے حملے کے بعد بدلتی صورت حال میں اٹلی نے روسی گیس پر انحصار کم کرنے پر کام شروع کردیا ہے، اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کوئلے سے چلنے والے کچھ پلانٹس کھولنے پر غور کررہی ہے، جو اس سے پہلے بند پڑے تھے، اس کے ساتھ امریکہ، آذر بائیجان، الجزائر، تیونس اور لیبیا سے گیس کی درآمد بڑھانے پر بھی کام کیا جائے گا، اس سے پہلے اٹلی کے توانائی کے ادارے Enel SpA نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے دو پاور پلانٹس کو کوئلے سے گیس پر منتقل کرنے کا منصوبہ ملتوی کررہا ہے۔
اٹلی کے علاوہ دوسرے یورپی ملکوں نے بھی روسی گیس پر انحصار کم کرنے پر کام شروع کردیا ہے، جرمنی نے اس کے لئے کوئلے کے ذخائر جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ بوقت ضرورت کوئلے سے بجلی پیدا کی جاسکے، اس کے علاوہ ایل این جی سے چلنے والے کچھ بجلی گھر بھی دوبارہ آپریشنل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔