روس کی مزید 2 یورپی ملکوں کو دھمکی، اٹلی نے یورپ کو خبردار کردیا

0

روم: یوکرائن پر حملے کے بعد روس نے  مزید دو  یورپی ملکوں کو بھی دھمکی دے دی ہے، دوسری طرف اٹلی نے یورپی ممالک کو نئے خطرات سے خبردار کیا ہے، اس دوران نیٹو نے کوئیک رسپانس فورس کو الرٹ کردیا ہے، تاہم ساتھ ہی یہ بھی واضح کردیا ہے کہ دستے یوکرائن نہیں بھیجے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق روس نے یوکرائن پر حملے کے بعد مزید 2 یورپی ملکوں کو دھمکی دے دی ہے، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروف نے اپنے دو پڑوسی  یورپی ممالک سویڈن اور فن لینڈ کو خبردار کیا ہے کہ وہ مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں شامل ہونے سے گریز کریں، ترجمان نے کہا کہ اگر سویڈن یا فن لینڈ نے نیٹو میں شامل ہونے کی کوشش کی تو انہیں اس کے سنگین فوجی اور سیاسی نتائج  کا سامنا کرنا پڑے گا، ماریہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی جانب سے نیٹو میں شمولیت کی کسی کوشش کا روس جواب دے گا، سویڈن اور فن لینڈ کو روس نے یہ دھمکی ایسے موقع پر دی ہے، جب دونوں ملکوں نے جو نیٹو کے رکن نہیں ہیں، یوکرائن پر روسی حملے کے بعد جمعہ کو نیٹو اجلاس میں شرکت کی ہے، فن لینڈ کی وزیراعظم Sanna Marin نے تو یہ بھی کہہ دیا ہے کہ اگر ملکی سلامتی کیلئے ضروری ہوا، تو ان کا ملک نیٹو میں شمولیت کے لئے تیار ہے۔

اس دوران نیٹو نے اپنے کوئیک رسپانس فورس کے دستوں کو الرٹ رہنے کا حکم  دیا ہے، تاہم یہ واضح کیا ہے کہ ان دستوں کو یوکرائن بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، نیٹو سپریم کمانڈر کا کہنا ہے کہ  کوئیک رسپانس فورس تاحال اسٹینڈ بائی ہے، اور ضرورت پڑنے پر رکن ممالک میں اس کی تیزی سے تعیناتی کی جاسکتی ہے۔

دوسری طرف فرانسیسی وزیرخارجہ نے روسی صدر کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کی بات پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیوٹن ذہن میں رکھیں کہ نیٹو کے پاس بھی ایٹمی اسلحہ ہے، فرانس بھی ایٹمی قوت ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کیلئے نہیں بلکہ ڈیٹرنس کیلئے ہوتے ہیں۔

اٹلی کا انتباہ

اطالوی صدر سرگئی مترالے نے کہا ہے کہ آج یوکرائن جارحیت کا نشانہ بنا ہے، تو کل کوئی اور ملک بھی نشانہ پر آسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ یورپ جنگی پاگل پن کو تسلیم نہیں کرے گا، یوکرائن پر حملہ پورے یورپ کیلئے سانحہ ہے، اور یہ امن اور آزادی پر حملہ ہے، اطالوی وزیرخارجہ ڈی مایو نے بھی کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن کو اگر یوکرائن پر حملے کی قیمت ادا کرنے پر مجبور نہ کیا گیا، تو وہ وہاں تک نہیں رکیں گے، بلکہ روس کےدوسرے پڑوسی ممالک بھی غیر محفوظ ہوجائیں گے، روس یورپ کے دروازے پر آگیا ہے، ہم نے اسے نہ روکا تو تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.