روم: ٹیکنالوجی کے کمالات نے انسانوں کے بہت سے پیشے ختم کردئیے ہیں، جو کام صدیوں سے انسان کرتے آئے ہیں، اب وہ کام مشینوں نے سنبھال لئے ہیں، ایساہی معاملہ گاڑیاں چلانے کے شعبے کا بھی ہے، جہاں پہلے آٹو میٹک گاڑیاں آئیں، جن میں گیئر لگانے سے ڈرائیور کی جان چھوٹ گئی ، لیکن اب ٹیکنالوجی کا ایسا انقلاب دستک دے رہا ہے کہ جس سے ڈرائیور کی ضرورت بھی ختم ہوجائے گی۔
اٹلی میں بھی اب ایک ایسا تجربہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ڈرائیوروں کی چھٹی ہوجائےگی، اور گاڑیاں مسافروں کو خود بھی منزل پر چھوڑ آیا کریں گی، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق یہ تجربہ تورینو میں کیا گیا ہے، اور بغیر ڈرائیور کے خود کار گاڑی کے لئے 5 کلومیٹر کا روٹ طے کیا گیا ہے، خود کار گاڑیوں کے اس آزمائشی منصوبے میں حکومت ، جامعات اور اسٹارٹ اپس کمپنیاں شامل ہیں، یہ منصوبہ د و مرحلوں پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں مارچ سے اپریل کے دوران خود کار گاڑی کو سڑکوں پر ٹریفک کے درمیان مسافروں کے بغیر چلایا جائےگا، یہ آزمائشی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد مئی سے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا۔
جس میں تورینو کے شہری اس خود کار گاڑی میں سفر سے استفادہ حاصل کرسکیں گے، پہلے مرحلے میں دو گاڑیاں چلائی جائیں گی، جن کی بکنگ ایک ایپ کے ذریعہ ہوگی، یعنی آپ ایپ کے ذریعہ یہ بتائیں گے کہ آپ کو کہاں سےکہاں جانا ہے، اور یہ خود کار گاڑی آپ کے پاس پہنچ جائے گی، اور آپ کو سوار کرکے منزل پر پہنچادے گی، یہ مرحلہ مفت سروس کا ہوگا، جو 5 ماہ جاری رہے گا۔