روم: پنجابی فلم ’’ہیر رانجھا‘‘ میں اداکار رنگیلا کا یہ ڈائیلاگ بہت مشہور ہوا تھا، ’’پی ساوی ہوش آوی‘‘۔ ساوی یعنی بھنگ کے چاہنے والے ہر جگہ مل جائیں گے، اٹلی میں بھی بھنگ کا استعمال جائز قرار دینے کے لئے چلائی گئی دستخطی مہم کا ڈراپ سین ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں کی طرح اٹلی میں بھی بھنگ کے چاہنے والے موجود ہیں، تاہم اٹلی میں بھنگ کی کاشت اور استعمال ممنوع ہے، اور جہاں کہیں بھنگ کی کاشت کا پتہ چلے، پولیس اسے تلف کردیتی ہے، بھنگ کے شوقین افراد نے یہ پابندی ختم کرانے کے لئے اٹلی میں دستخطی مہم شروع کی تھی، اور اس مسئلے پر ریفرنڈم کرانے کے لئے مطلوبہ حمایت جمع کرلی تھی، لیکن ریفرنڈم کرانا ہے یا نہیں ، اس فیصلے کا حتمی اختیار اٹلی کی آئینی عدالت کو ہوتا ہے، آئینی عدالت نے اس حوالےسے درخواست پر گزشتہ روز فیصلہ سنادیا ہے۔
جس کے تحت ذاتی استعمال کے لئے بھی بھنگ کے استعمال کی اجازت سے متعلق ریفرنڈم کی درخواست مسترد کردی گئی تھی، آئینی عدالت کے صدر Giuliano Amato کا کہنا ہے کہ بھنگ کی اجازت دینے کیلئے ریفرنڈم کی اجازت دی گئی ، تو یہ کئی عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا، بھنگ کے علاوہ آئینی عدالت نے سول مقدمات میں غلطیوں پر جج کو ذاتی طور پر ذمہ دار قرار دینے کے معاملے پر ریفرنڈم کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔