کراچی: پی آئی اے سمیت ملکی فضائی کمپنیوں نے غیر ملکی کمپنی کو اندرون ملک پروازوں کی اجازت دینے کی مخالفت کردی، غیرملکی سرمایہ کاری کے نام پر ایسے کسی فیصلے کے نتیجے میں ملکی ائرلائنز کو بہت نقصان پہنچے گا، ایسا کوئی فیصلہ ایوی ایشن پالیسی کے بھی خلاف ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق نئی آنے والی نجی ائر لائن فلائی جناح کے ساتھ معاہدے اور سرمایہ کاری لانے کے نام پر ائر عربیہ کو اندرون ملک پروازوں کی اجازت دینے کی اطلاعات پر پی آئی اے انتظامیہ نے سخت تشویش ظاہر کی ہے، اور اس حوالےسے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائیر مارشل ارشد ملک نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ حال ہی میں میڈیا پر آنے والی خبروں اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے اعلانات میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی ا ئیر لائن ایئر عربیہ نے پاکستان کی فلائی جناح ائیر سے فلائٹ آپریشن کا معاہدہ کیا ہے۔ جس کے تحت ایئر عربیہ اپنے جہاز فلائی جناح ائیر لائن کے ذریعے پاکستان میں ڈومیسٹک سیکٹر پر چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے کسی اقدام سے پی آئی اے اور مقامی ایرلائنز کو نقصان ہوگا۔ بظاہر غیرملکی سرمایہ کاری لانے کے نام پر کئے گئے اس اقدام کے ملک کے لئے طویل المدت نتائج برآمد ہوں گے۔
وزیراعظم کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2019 میں بھی مقامی ا ئر لائنز کو تحفظ دینے کی بات کی گئی ہے۔اس لیے ایئر عربیہ کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت دینے سے منع کیاگیا تھا، امریکہ سمیت دنیا بھر کے ممالک اپنی مقامی فضائی صنعت کو سپورٹ کرتے ہیں۔ حکومت نے ایئر عربیہ کو ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت دی تو اس سے مقامی ائرلائنز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، جو پہلے ہی دبا و میں ہیں، لہذا ایئر عربیہ کو ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔