اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں نے وطن کی معاشی مشکلات کم کرنے کے لئے جنوری میں بھی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے اوپر رکھنے کا ریکارڈ قائم رکھا ہے، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ترسیلات زر 18 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں، رواں برس کا ہدف31 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانی گزشتہ 20 ماہ سے 2 ارب ڈالر ماہانہ سے زیادہ کی ترسیلات وطن بھیج رہے ہیں، اور جنوری میں بھی انہوں نے اس سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے 2 ارب 14 کروڑ ڈالر کی ترسیلات بھیجی ہیں، جس کے بعد جولائی سے جنوری رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کی ترسیلات 18 ارب ڈالر سے بڑھ گئی ہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 9 فیصد زائد ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجی ہیں، سعودیہ 54 کروڑ ڈالر جبکہ یو اے ای سے 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔
ان کے بعد امریکہ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا نمبر آتا ہے، جن میں سے برطانیہ سے 32 کروڑ جبکہ امریکہ سے 20 کروڑ 8 لاکھ ڈالر کی ترسیلات بھیجی گئیں، گزشتہ برس 29 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں، جب کہ رواں برس کا ہدف31 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔