روم: ہینگ لگے گی نہ پھٹکڑی، اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کے شہریت سے لے کر ورک پرمٹ تک سارے کام سیدھے ہوجائیں گے، حکومت اور اٹلی میں پاکستانی سفارت خانے کی کوششیں رنگ لے آئیں، اطالوی حکام نے بڑا مطالبہ تسلیم کرلیا، اب مہینوں نہیں دنوں میں کام ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک میں سب سے بڑی پاکستانی کمیونٹی اٹلی میں رہتی ہے، جن کی تعداد دو لاکھ سے زائد ہے، اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، تاہم اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کو فیملی کو اٹلی بلانے، شہریت اپلائی کرنے کیلئے اپنی دستاویز کی تصدیق بونسز اور دیگر ضروریات کے لئے اپنی دستاویز اسلام آباد کے اطالوی سفارت خانہ سے لیگلائز کرانی پڑتی ہیں، جس میں کئی کئی ماہ لگ جاتے ہیں، اس دوران کئی دستاویزات اور ورک ویزوں کی مدت ختم ہونے کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں، جس پر پاکستانی کمیونٹی روم میں اپنے سفارتخانہ اور اطالوی رہنماؤں سے بھی شکایت کرچکی ہے، پاکستانی کمیونٹی کا مطالبہ رہا ہے کہ دستاویز لیگلائز اٹلی میں ہی کرنے کا میکنزم بنایا جائے، تاکہ انہیں طویل انتظار کی اذیت سے نجات مل سکے۔
تاہم اب اٹلی میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لئے بڑی خوش خبری آئی ہے، پاکستانی حکومت اور روم سفارتخانہ کی کوششیں بار آور ثابت ہوئی ہیں، اطالوی ریجن نے شہریت کی دستاویزات اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کیلئے وزارت خارجہ اور اسلام آباد کے اطالوی سفارتخانے سے تصدیق کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، میلان پرفتورہ کے حکام نے یہ اعلان قونصل جنرل ڈاکٹر منظور احمد چوہدری اور ویلفئیر اتاشی سیدہ شفق ہاشمی سے ملاقات میں کیا۔
اطالوی حکام نے یقین دہانی کرائی کہ میلان پرفتورہ کی حدود میں رہائش پذیر پاکستانیوں کو آئندہ اپنی دستاویزات پاکستان میں اپنی وزارت خارجہ یا اسلام آباد کے اطالوی سفارت خانہ سے تصدیق کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ میلان پرفتورہ پاکستانی قونصلیٹ اور روم کے پاکستانی سفارتخانے کی تصدیق شدہ دستاویز کو قانونی طور پر قبول کرلے گا، اس طرح میلان پرفتورہ میں مقیم پاکستانیوں کا بڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے، جس سے ان کے لئے شہریت اور ورک پرمٹ سمیت دیگر کام آسان ہوجائیں گے۔ میلان پرفتورہ کے فیصلے کے بعد دیگر اطالوی پرفتورہ کی جانب سے بھی پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کی جانب سے تصدیق شدہ دستاویزا ت قبول کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے، اس سلسلے میں پاکستانی سفیر جوہر سلیم مسلسل اطالوی حکام سے رابطے میں ہیں، اور جلد باقی علاقوں میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے لئے بھی خوش خبری متوقع ہے، اس حوالے سے سفیر پاکستان جوہر سلیم کا کہنا ہے کہ میلان کے بعد دوسرے اطالوی علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کے لئے بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی، ا س حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا۔