اٹلی کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا حق ادا کردیا

0

بریشیا: (رپورٹ تنویر ارشاد) اٹلی کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا حق ادا کردیا، تحریک کشمیر اٹلی کے مظاہرے میں منی پاکستان کہلانے والا شہر بریشیا نعرے تکبیر، کشمیر بنے گا پاکستان اور آزادی کے نعروں سے گونج اٹھا، برطانیہ سے شیڈو منسٹر یاسمین قریشی، راجہ فہیم کیانی نے خصوصی شرکت کی، اٹلی بھر سے بڑے قافلوں کی شرکت،کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تحریک کشمیر اٹلی، پاک فیڈریشن اٹلی، پاک کشمیر فاونڈیشن اٹلی،جیوے جیوے پاکستان اور پاک کشمیر فورم کا اٹلی میں منی پاکستان کہلانے والے شہر میں بڑا احتجاجی مظاہرہ، اٹلی بھر سے بسوں اور گاڑیوں کے قافلوں کی صورت میں شرکت کی، بریشیا کی فضائیں کشمیر بنے گا پاکستان ، ہم لیکر رہیں گے آزادی، اللہ اکبر کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ ویچنزہ، بلوونیا، بیرگامو، ترینتو، میلان سے بڑے قافلوں نے مظاہرے میں شرکت کی۔ شیڈو منسٹر یاسمین قریشی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو بھی انسانی حقوق دیے جائیں، ہم جدوجہد جاری رکھیں گے اور کشمیر کشمیریوں کو ہی ملے گا، وعدہ کرتی ہوں کہ برطانوی وزیر اعظم اور پارلیمنٹ کو کشمیر میں ہونے والے انسانیت مظالم سے آگاہ کرتی رہوں گی، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی افواج بیلٹ گنز سے آنکھوں کی بینائی چھینی جاتی ہے اور جبری لاپتہ کیا جاتا ہے جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اتلی کی عوام کی یہ جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ ہزاروں لوگوں کا یہ مجمع حکومت پاکستان کی جانب سے سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو امریکہ میں سفیر تعینات کرنے کی تائید کرتا ہے اور امید ہے کہ وہ بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے، اٹلی کی عوام نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں تک یہ پیغام پہنچایا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی افواج تمام تر مظالم کے باوجود بھی کشمیریوں سے میں پاکستانی ہوں اور پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ نہیں چھین سکی، آج ہزاروں افراد کا یکجہتی کرنے کی وجہ سے ہی سرینگر کی دیواروں پر شکریہ پاکستان کے نعرے درج ہیں۔

صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف نے کہا کہ اٹلی کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، یہ عزم اور حوصلہ ہی دیکھ کر کشمیری آزادی کے نعرے سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکریٹری آصف رضا نے کہا کہ اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ حق کے ساتھ اور باطل کیخلاف کھڑی ہوئی ہے، اٹلی میں ہونے والے مظاہروں کی گونج اقوام متحدہ اور یورپی ایوانوں تک جاتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یورپ میں نئی نسل تک مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور اس جدوجہد میں شامل کرنے میں تحریک کشمیر کا اہم کردار ہے، یہ تحریک کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ پاک کشمیر فورم یورپ کے رہنما چوہدری ناصر رانجھا نے کہا کہ یوم کشمیر پر کشمیریوں کی طویل جدوجہد آزادی پر سلام پیش کرتا ہوں، کشمیر پر ہونے والے مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی بھارتی مظالم میں شراکت داری ہے۔

نائب صدر تحریک کشمیر اٹلی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموشی افسوسناک ہے، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کشمیر پر انگریزی میں نعمہ لکھنے والے ترک ترگے ایورن نے کہاکہ اردگان کی سرزمین سے آیا ہوں جہاں سے دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے آواز بلند کی جاتی ہے، کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے یہ نہ ہو کہ دیر ہوجائے۔ مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا اور کشمیری بھائیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.