دنیا بھر میں مہنگائی کے وار مزید تیز ہوگئے، عالمی بینک کی رپورٹ جاری

0

واشنگٹن: عالمی بینک نے دنیا بھر میں جاری مہنگائی کی لہر پر تازہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں جنوری 2022 کی صورت حال بیان کی گئی ہے، نئے سال کے پہلے مہینہ میں عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح میں دسمبر کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے جنوری 2022 میں دنیا بھر میں مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر2021 کے مقابلہ میں جنوری کے مہینہ میں عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں 8 فیصد، زرعی مصنوعات کی قیمتوں میں 4.2 فیصد اورمعدنی دھاتوں کی قیمت میں 7.3 فیصدکااضافہ ہوا ہے۔ دسمبرکے مقابلہ میں جنوری میں کوئلہ کی قیمت میں 16.1 فیصد، قدرتی گیس کی قیمت میں 16.1 فیصد اور خام تیل کی قیمت میں 15.2 فیصد اضافہ ہوا ہے،رپورٹ کے مطابق زرعی مصنوعات 4.2 فیصد جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اوسطاً 5.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دسمبرکے مقابلہ میں جنوری میں کوکونٹ آئل کی قیمت میں 18.90 فیصد، سویابین 4.43 فیصد، کاٹن 10 فیصد، چاول 6.75 فیصد اور مکئی کی قیمت میں 4.57 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، اس کے برعکس چینی کی قیمت میں 3.18 فیصد اور کافی کی قیمت میں 2.36 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔خوردنی تیل اور کھانوں کی قیمت میں 8.7 فیصد، اجناس کی قیمت میں 4 فیصد اور مشروبات کی قیمت میں 1.4 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ خام اشیا کی قیمت میں اضافہ کی شرح 2.6 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم دسمبر کے مقابلہ میں جنوری 2022 میں کھاد کی قیمت میں 3.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی منڈی میں لوہا 13.3 فیصد، نکل 11.7، ایلومینیم 11.5، زنک 6 اور تانبا 2.4 فیصد مزید مہنگا ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.