اٹلی میں پاکستانی خاندان پر قیامت گزر گئی

0

بلونیا (رپورٹ: تنویر ارشاد): اٹلی میں مقیم پاکستانی خاندان پر قیامت گزر گئی، گیس سسٹم میں خرابی نے ماں باپ کی دنیا اجاڑ دی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور اطالوی امدادی ادارے پہنچ گئے، تاہم اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی، واقعہ اٹلی کے ریجن ایمیلیا رومانیا میں پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ریجو ایمیلیا کے علاقے فیبریکو میں جہاں پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں آباد ہے، وہاں ایک بدقسمت فیملی کے ساتھ یہ سانحہ پیش آیا ہے، جس میں دو بچوں کی جانیں چلی گئیں، بد قسمت خاندان کا تعلق گجرات کی تحصیل کھاریاں کے علاقے ڈنگہ سے ہے، اور ان کے آبائی گاوں کا نام نور جمال ہے، دونوں بہن بھائی 8 سالہ عائشہ ارشد اور 7 سالہ محمد طلحہ ہفتہ کی شب اپنے گھر میں فرسٹ فلور پر سوئے ہوئے تھے، اور سردی کی وجہ سے گیس ہیٹنگ سسٹم چل رہا تھا، تاہم کسی خرابی کی وجہ سے سسٹم بند ہوگیا، اور کمرے میں گیس بھرنا شروع ہوگئی، دونوں بہن بھائی نیند میں ہونے کی وجہ سے یہ محسوس نہ کرسکے، اور پھر رات 10 کے قریب گیس بھرنے کی وجہ سے کمرے میں آگ لگ گئی، جس نے پوری پہلی منزل کو لپیٹ میں لے لیا، حادثے کے وقت ان بچوں کا والد اور دیگر دو بھائی گھر پر موجود نہیں تھے، جبکہ ان کی والدہ گھر کے نچلے حصے میں تھی، والدہ نے جب آگ لگی دیکھی، تو گھر سے نکل کر مدد کے لئے پکارا، جس پر لوگوں نے پولیس اور فائر بریگیڈ کو فون کردیے۔

فائر بریگیڈ نے وہاں پہنچ کر آگ بجھائی، لیکن جب آگ بجھنے کے بعد اہلکار کمرے میں پہنچے تو وہاں دونوں بہن بھائی دم توڑ چکے تھے۔ اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق میتوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پراسیکیوٹر بھی معاملے کو دیکھ رہے ہیں، آگ لگنے سے گھر تباہ ہوگیا ہے، اور رہنے کے قابل نہیں رہا، بدنصیب بچوں کے والدین اور دو دیگر بھائیوں کو پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے اپنے پاس رہنے کے لئے جگہ دے دی ہے۔

ادھر Lucca کے علاقے میں بھی آتشزدگی کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں گھر میں سویا ہوا اطالوی جوڑا آگ لگنے سے اس کی لپیٹ میں آگیا، جس کے نتیجے میں خاتون جھلس گئی ہے، اور اسے Genoa کے برن سینٹر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھی کو بھی آگ نے متاثر کیا ہے، تاہم اس کی شدت کم ہے، حکام کا کہنا ہے کہ آگ نے پڑوس کے گھر کو بھی متاثر کیا ہے، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.