اٹلی میں ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ، کس تنخواہ پر کتنا فائدہ ہوگا، آپ بھی دیکھ لیں

0

روم: اٹلی والوں کے لئے ایک اچھی خبر آئی ہے، حکومت نے مہنگائی سے پریشان شہریوں کو مالی ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس سے کم تنخواہ والے ورکرز کی آمدن میں اضافہ ہوجائے گا، اس حوالے سے فارمولا تیار کرلیا گیا ہے۔ ’’احساس نیوز‘‘ آپ کے لئے نئے مجوزہ ٹیکس کی شرح پیش کررہا ہے۔

جس سے آپ بھی جان سکتے ہیں کہ اگلے سال سے آپ کی تنخواہ سے ٹیکس کتنا کم کٹے گا۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی سے پریشان اٹلی والوں کے لئے اچھی خبر آئی ہے، حکومت نے کم تنخواہ والے ورکرز کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ریلیف ٹیکس کی شرح میں کمی کی صورت میں دیا جائے گا، جس سے لوگوں کو ماہانہ ملنے والی تنخواہ میں از خود اضافہ ہوجائے گا، کیوں کہ ٹیکس کی کٹوتی کم ہوجائے گی، ٹیکس شرح میں کمی کے ذریعہ ورکرز کو 2022 میں حکومت 8 ارب یورو کا ریلیف فراہم کرے گی، جو ان ورکرز کی جیبوں میں جائے گا۔ نئے نظام میں ٹیکس بینڈ پانچ سے کم کرکے چار کئے جارہے ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیراعظم ماتیو رینزی کی جانب سے کم آمدن والے ورکرز کو دئیے گئے 80 یورو ماہانہ ٹیکس بونس کو بڑھا کر 100 یورو ماہانہ کرنے کی تجویز ہے۔

نئے ٹیکس کی شرح

نئے نظام میں 15 ہزار یورو سے کم سالانہ آمدن پر 23 فیصد ٹیکس برقرار رکھا جائے گا، جبکہ 28 ہزار سے 50 ہزار یورو سالانہ آمدن والے افراد پر ٹیکس 38 فیصد سے کم کرکے 35 فیصد کردیا جائے گا، جبکہ 15 ہزار سے 28 ہزار یورو سالانہ آمدن والے کے لئے ٹیکس 27 فیصد سے گھٹا کر 25 فیصد کردیا جائے گا۔

55 ہزار سے 75 ہزار یورو سالانہ آمدن والے افراد اس وقت 41 فیصد ٹیکس دے رہے ہیں، اس ٹیکس بینڈ کو ختم کیا جارہا ہے، اب 50 ہزار یورو سے زائد سالانہ آمدن والے تمام افراد سے 43 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں بونسز کا موسم، بچوں کا بونس کب اور کتنا ملے گا؟، تفصیلات جاری

حکام کے مطابق نئے ٹیکس نظام میں شرح کم کرنے سے کارکنوں کو 7 ارب یورو کا فائدہ پہنچے گا، جبکہ ایک ارب یورو کا فائدہ سیلف ایمپلائیڈ یعنی اپنا روزگار کرنے والوں کو ریجنل پروڈکشن ٹیکس کی مد میں ہوگا۔ اطالوی اخبار نے ٹیکس ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان اصلاحات سے 20 ہزار سالانہ تنخواہ والے ورکرز کو سالانہ 100 یورو کا فائدہ ہوگا، جبکہ 30 ہزار سالانہ تنخواہ پر 300 یورو، اور 40 ہزار یورو سالانہ تنخواہ والوں کو 600 یورو سالانہ کا فائدہ ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.