تارکین نے یورپ پہنچنے کیلئے پورا طیارہ ہی اتار دیا، حکام ششدر
میڈرڈ: یورپ پہنچنے کیلیے تارکین نت نئے طریقے دریافت کرتے رہتے ہیں، ایسا ہی اس بار بھی ہوا، تارکین نے نہ زمینی راستہ نہ کشتیوں کا استعمال کیا، بلکہ یورپی ملک پہنچنے کے لئے ایسا کھیل کھیلا کہ حکام بھی حیران و پریشان رہ گئے، پورا طیارہ ہی یورپی ملک اتار دیا اور طیارہ اترتے ہی رفو چکر ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش کے شہری کی جانب سے انوکھا اقدام اٹھایا گیا ہے، شہری نے مراکش سے ترکی جانے والی پرواز میں طبیعت خرابی کا ایسا ڈرامہ رچایا کہ جہاز کو اسپین کے جزیرے پالما کے مایورکا (Palma de Mallorca) ائیرپورٹ پر اتارنا پڑ گیا، اور میڈیکل ٹیم کو طلب کیا گیا۔ مسافر کو طبی امداد دینے کے لیے آئی میڈیکل ٹیم کے لیے جہاز کا دروازہ کھُلا تو 20 کے قریب دیگر مراکشی مسافر جہاز سے نکل کر بھاگ کھڑے ہوئے۔پولیس نے واقعے کو ایوی ایشن کی تاریخ کا پہلا واقعہ قرار دیا اور مفرور مسافروں کی تلاش کے لیے ائیرپورٹ پر 4 گھنٹے تک تمام آپریشنز معطل رہے، 40 کے قریب پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا لیکن بھاگنے والے پھر بھی پکڑے نہ جا سکے۔ تاہم بعد ازاںپولیس نے ان میں سے کچھ کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب بیماری کا ڈرامہ رچانے والے شہری کو جب اسپتال منتقل کیا گیا، تو ڈاکٹرز نے اسے مکمل صحتیاب قرار دیا، جس کے بعد پولیس نے مسافر کو غیرقانونی امیگریشن میں معاونت کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ پولیس تفتیش کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی تاکہ طیارہ اسپین میں اترے اور وہ لوگ غیرقانونی طور پر اسپین میں داخل ہوجائیں گے، جبکہ جعلی مریض کے ساتھ تیمارداری کے لئے اترنے والا بھی اسپتال سے غائب ہوگیا ہے۔