روم: سعودی عرب میں ڈانس پروگراموں کے لئے جانے والے اٹلی کے تین ڈانسر وہاں کار حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ ان کے تین ساتھی زخمی بھی ہوئے ہیں، اور ان میں سے بھی ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، گروپ میں مجموعی طور پر 10 افراد شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تھیٹر کے آغاز میں مدد دینے کے لئے اٹلی سے ڈانسرز کا ایک گروپ وہاں گیا ہوا تھا، جس میں مجموعی طور پر 10 افراد شامل تھے، اتوار کے روز اطالوی ڈانسرز گروپ کے ارکان نے سیر وتفریح کے لئے صحرا میں جانے کا فیصلہ کیا، تاہم اس دوران ان کی گاڑی حادثہ کا شکار ہوکر الٹ گئی، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تاہم اس کے نتیجے میں تین نوجوان اطالوی ڈانسرز Giampiero Giarri Antonio Caggianelli اور Nicolas Esposto ہلاک ہوگئے ہیں۔
تینوں کی عمریں 30 برس سے کم تھیں، حادثے میں ان کے ساتھ موجود ایک نامعلوم شخص بھی جان سے گیا ہے، جبکہ اطالوی ڈانسر گروپ کے تین مزید ارکان زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے،اطالوی وزارت خارجہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہے، اور وہ سعودیہ میں اپنے عزیزوں کی لاشیں شناخت کرنے پہنچ گئے ہیں۔