غیر قانونی تارکین کے برے دن آگئے، پے در پے بڑے حادثات

0

برسلز: دن ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے ، یورپ آنے کی کوشش کرنے والے غیر قانونی تارکین کے لئے کبھی اچھے دن چل رہے ہوتے ہیں، اور وہ دھڑا دھڑ منزل پر پہنچ رہے ہوتے ہیں، لیکن گزشتہ چار پانچ روز یورپ کا رخ کرنے والے غیر قانونی تارکین کے لئے برے گزرے ہیں۔

اور انہیں 4 سے زائد حادثات پیش آگئے ہیں، جن میں بڑا جانی نقصان ہوا ہے، تفصیلات کے مطابق 16 اکتوبر سے 18 اکتوبر کےدرمیان یعنی تین روز میں یورپ آنے کی کوشش کرنے والے غیر قانونی تارکین پر بھاری گزرے ہیں، اور وہ پے در پے حادثات کا شکار ہوئے ہیں، جن میں کم ازکم 14 ہلاکتیں اور 47 سے زائد لاپتہ ہوگئے ہیں، اس کے ساتھ غیرقانونی تارکین کی بڑی تعداد پکڑی بھی گئی ہے، تارکین وطن سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ ’’انفو مائیگرینٹ ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثات بحیرہ روم اور بحیرہ اوقیانوس میں پیش آئے ہیں، جن میں کشتیوں کے ذریعہ یورپ کا رخ کرنے والے تارکین کی جانیں گئی ہیں، اسپین کی کوسٹ گارڈ نے بتایا ہے کہ اتوار کو الجزائر سے آنے والے 12 تارکین کشتی الٹنے کے بعد لاپتہ ہوگئے ہیں، اوران کی تلاش جاری ہے، اس حادثے کا پتہ اس وقت چلا، جب ہسپانوی ساحل کے قریب ناروے کی ایک بوٹ نے بدقسمت کشتی میں سوار ایک تارک وطن کو زندہ بچایا، اور اسپین کے حکام کو اطلاع دی، ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ہسپانوی حکام نے ایک اور تارک وطن کو بچالیا، تاہم ان دونوں نے بتایا ہے کہ ان کے 12 ساتھی اور بھی تھے، جو ڈوب گئے ہیں۔

دوسرا حادثہ

دوسرا حادثہ بحیرہ روم میں تیونس کی حدود میں پیش آیا ہے، جہاں 4 تارکین ہلاک اور 19 لاپتہ ہیں، یہ حادثہ بھی اتوار کو پیش آیا ہے، تیونسی حکام کے مطابق کشتی میں 30 افراد روانہ ہوئے تھے، ان میں سے صرف 7 کو ہی بچایا جاسکا ہے، باقی کی تلاش جاری ہے، حکام کے مطابق کشتی کے ڈوبنے کی وجہ ممکنہ طور پر خراب موسم ہے، اس کے علاوہ کشتی میں گنجائش سے 5 گنا زائد افراد سوار تھے، تیونس کے حکام نے ان افراد کو بھیجنے میں ملوث 4 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

تیسرا حادثہ

تیسرا حادثہ اسپین کے سمندر میں بحیرہ اوقیانوس میں پیش آیا ہے، جس میں 9 تارکین ہلاک اور 16 لاپتہ ہیں، یہ تارکین بھی کشتی میں اسپین آرہے تھے کہ حادثہ کا شکار ہوگئے ، حکام کے مطابق انہوں نے ریسکیو آپریشن میں ایک خاتون سمیت 3 کو بچالیا ہے، جبکہ 9 لاشیں ملی ہیں، باقی کی تلاش جاری ہے۔

چوتھا حادثہ

اتوار کو ہی اسپین کے حکام نے19 سے زائد کشتیوں کو ریسکیو کیا ہے، جن پر تارکین سوار 274 تھے ، تاہم ان میں سے ایک کشتی میں سوار ایک شخص ہلاک ہوچکا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.