اٹلی کے 5 بڑے شہروں کا نظام تارکین دوست جماعتوں کے پاس آگیا

0

روم: اٹلی میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں بھی تارکین وطن کی حامی سمجھی جانے والی جماعتوں کو زیادہ کامیابی ملی ہے، جبکہ سالوینی کی جماعت لیگا نارد اور ان کے اتحادیوں کے لئے نتیجہ زیادہ اچھا نہیں رہا، اس اتحاد کوصرف تراستے (Trieste) میں کامیابی مل سکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ اتوار کو ہوئی تھی، جس کے نتائج آگئے ہیں، او ر پی ڈی کے امیدوار نے دارالحکومت روم کا انتخابی معرکہ سر کرلیا ہے، اسی طرح تورینو (Turin) میں بھی انہوں نے کامیابی حاصل کرلی ہے، ماتیو سالوینی کی لیگا نارد اور ان کے دائیں بازو کے اتحاد کو تراستے (Trieste) میں کامیابی مل سکی ہے، پی ڈی اور فائیو اسٹا ر موومنٹ کا اتحاد پہلے مرحلے میں میلان، ناپولی اور بلونیا میں کامیابی حاصل کرچکا ہے، اس طرح انہیں اٹلی کے 6 بڑے شہروں میں سے 5 میں بلدیاتی اقتدار حاصل ہوگیا ہے، روم میں پی ڈی کے امیدوار سابق وزیر اکانومی رابرٹ گلتاری نے 60 فیصد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔

کامیابی کے بعد نومنتخب مئیر روم کا کہنا تھا کہ شہر کی حالت بدلنے کا وقت آگیا ہے، اور ہم یہ کردکھائیں گے، ہم روم کو زیادہ پرکشش اور صاف ستھرا شہر بنائیں گے، شہر کی بحالی کیلئے عوام کے ساتھ مل کرکام کریں گے، پی ڈی کے سربراہ انریکو لیٹا نے بلدیاتی نتائج کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ پھر ثابت ہوگیا کہ وہی لیڈر کامیاب ہوتا ہے، جو عوام کی آواز کو اہمیت دے، انہوں نے کہا کہ قومی الیکشن 2023 میں اپنے وقت پر ہی ہونے چاہیں، اور اس وقت تک موجودہ وزیراعظم ماریو دارغی رہنے چاہیں، وہ اگلے الیکشن کیلئے فائیو اسٹار موومنٹ کے ساتھ مل کر اتحاد بنائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.