اطالوی پولیس نے گرین پاس کیخلاف احتجاج کرنے والوں کو پانی سے دھودیا

0

روم: اٹلی میں پولیس نے گرین پاس کی شرط کے خلاف چار دن سے بندرگاہ پر احتجاج کرنے والے ورکرز کو منتشر کردیا ہے، احتجاجی کارکنوں کے لئے پانی کا استعمال کیا گیا، جبکہ اس موقع پر پولیس سے تصادم بھی ہوا ہے، منتشر ہونے والے کارکنوں نے نئی جگہ پر احتجاجی ڈیرہ ڈال لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں تراستے (Trieste) کی بندرگاہ کے کارکنوں نے گرین پاس کی شرط لاگو ہونے پر جمعہ سے احتجاج کا سلسلہ شروع کررکھا تھا، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق بندرگاہ کے کم وبیش 40 فیصدورکرز نے ویکسین نہیں لگوائی ، اس لئے زیادہ احتجاج وہاں ہورہا تھا، احتجاجی کارکنوں نے بندرگاہ کا گیٹ نمبر 4 دھرنا دے کر بند کیا ہوا تھا، جسے کھلوانے کےلئے پیر کو پولیس نے مداخلت کی اور وہاں موجود سینکڑوں ورکرز کو پانی کی تیز دھار اور آنسو گیس کے ذریعہ منتشر کردیا ، ا س موقع پر مظاہرین نے مزاحمت کی کوشش کی ، اور آزادی ، آزادی کے نعرے لگائے، تاہم پولیس نے ان کی ایک نہ چلنے دی، اور چند گھنٹے کے آپریشن میں کامیابی سے انہیں بندرگاہ کے دروازے سے منتشر کردیا، احتجاجی کارکن وہاں سے منتشر ہونے کےبعد قریبی پارکنگ کی جگہ میں جمع ہوگئے۔

جہاں سے انہوں نے شہر کے مرکز کی طرف مارچ شروع کردیا، برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق احتجاجی کارکنوں نے شہر کے مرکز میں سرکاری دفاتر کے باہر احتجاج جاری رکھا ہے ، اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، احتجاجی کارکنوں کے ترجمان Stefano Puzzer نے پولیس کارروائی کو افسوسناک قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ نئی جگہ پر احتجاج کیلئے بیٹھے رہیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.