کرونا سے پریشان انسانیت کیلئے خوشخبری، جادوئی گولی تیار

0

نیویارک: پوری دنیا کی انسانوں کو جس خبر کا انتظار تھا، وہ بالاخر آگئی ہے، کرونا کی وبا کے مارے ہوئے لوگوں کیلئے امید کی کرن پیدا ہوگئی، امریکی کمپنی نے اس وبا کی پہلی دوا تیار کرلی ہے، اور اس کے استعمال کے لئے اجازت بھی طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف امریکی دوا ساز Merck (مرک ) اینڈ کمپنی نے کرونا کے علاج میں بڑی پیش رفت کی ہے، اور ایسی گولی تیار کرلی ہے، جس کے استعمال سے کرونا کی وبا کا شکار افراد صحت مند ہوجائیں گے، ان میں شرح اموات بہت کم رہ جائے گی، اس سے پہلے کرونا کی کوئی دوا تیار نہیں ہوئی، اور صرف وبا سے بچاو یا اس کے اثرات کم کرنے کے لئے پوری دنیا میں ویکسین لگائی جارہی ہے، امریکی کمپنی نے کہا ہے کہ کلینکل ٹرائل میں اس کی تیار کردہ گولی molnupiravir نے کرونا سے متاثر ہونے کے بعد زیادہ خطرات سے دوچار افراد میں نہ صرف اموات کی شرح حیر ت انگیز طور پر کم کردی ،بلکہ کرونا متاثرہ افراد کو اس کی تیارکردہ گولی کھانے کے بعد اسپتال جانے کی ضرورت بھی بہت کم پڑی ہے، کمپنی نے امریکی حکومت سے درخواست کی ہے کہ فوری طور پر اس کی تیار کردہ گولی کے استعمال کی منظوری دی جائے، تاکہ اسے لوگوں کی جانیں بچانے کے لئے استعمال کیا جاسکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی تیار کردہ گولی کرونا سے متاثرہ افراد میں وبا کے جراثیم کی افزائش روک دیتی ہے، یہ گولی وبا سے متاثرہ افراد کو 5 دن کھلانی ہوتی ہے، ہر روز اس کی 4 گولیاں لینی ہوتی ہیں، گولیاں استعمال کرنے کے بعد متاثرہ مریضوں میں اموات میں اسپتال جانے کی شرح میں 50 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی ہے، اس خبر کے سامنے آنے کے بعد مرک کے حصص کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور وال اسٹریٹ میں اس کے حصص 12 فیصد بڑھ گئے۔

واضح رہے کہ مرک اینڈ کمپنی کو امریکہ اور کینیڈا کےباہر ’’ایم ایس ڈی ‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، کمپنی نے امریکی ریگولیٹری ادارے ایف ڈی اے سے اس دوا کے استعمال کی ہنگامی طور پر اجازت طلب کی ہے، جبکہ molnupiravir ٹیبلٹ کی تیاری بھی شروع کردی ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ تین ماہ کے دوران ایک کروڑ گولیاں تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جبکہ اگلے برس مزید پیداوار بڑھا دی جائےگی، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے امریکی حکومت کے ساتھ بھی 17 لاکھ گولیوں کی فراہمی کا معاہدہ کرلیا ہے، جبکہ کئی دیگر ملکوں کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، جو امریکی ادارہ سے گولی کی منظوری سے مشروط ہے۔

قیمت کیا ہوگی؟

کرونا کے علاج کے لئے تیارکی گئی اس جادوئی گولی کی قیمت کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مختلف ملکوں کے لئے مختلف ہوگی، اور قیمت کے تعین کے لئے وہ عالمی بینک کے آمدن کے معیار کو پیمانہ بنائے گی، جس کا مطلب ہے کہ غریب ملکوں کے لئے اس کی قیمت کم اور امیر ملکوں کے لئے زیادہ ہوگی، کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ غریب اور کم آمدن والے ممالک میں اس گولی کی تیاری کیلئے وہاں کی مقامی کمپنیوں کو بھی فارمولے کے ساتھ تیاری کا لائسنس دے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.