روم: اٹلی کی ایک سپر مارکیٹ میں عجیب واقعہ پیش آیا ہے، ممکنہ تارک وطن خاتون ایک کمسن بچے کی لاش لے کر وہاں پہنچ گئی ، اور اسے کنوئیر بیلٹ پر رکھ دیا، وہاں موجود افرا د یہ دیکھ کر حیران و پریشان رہ گئے، فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی ریجن امبریا کے علاقے Città della Pieve میں گزشتہ روز یہ واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ممکنہ تارک وطن خاتون تقریباً 2 سال کے بچے کی لاش ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے سپر مارکیٹ میں داخل ہوئی ، اور لاش کو کنوئیر بیلٹ پر رکھ دیا، بچے کی لاش پر زخم تھے، اور ان سے خون بہہ رہا تھا، جبکہ خاتون نے لاش کنوئیر بیلٹ پر رکھنے کے بعد مدد کے لئے پکارنا شروع کردیا، سپر مارکیٹ کے اندر موجود افراد یہ منظر دیکھ کر پریشان اور کچھ خوفزدہ ہوگئے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی ANSA نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بچے کی گردن اور پیٹ میں چاقو کے کچھ زخم تھے، مذکورہ خاتون غیرملکی شہری ہے، اور وہ اس شہر کی رہائشی بھی نہیں ہے، اس کے علاوہ اس کا شوہر بھی اٹلی میں نہیں ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کارابیری پولیس وہاں پہنچ گئی ، اور خاتون کو اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ سپرمارکیٹ کےاسٹاف سے بھی معلومات لی گئیں، سپرمارکیٹ کے اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے کر وہاں سے بھی شواہد تلاش کئے گئے ، اور اس دوران ایک خون آلود کپڑا ملا ہے، جو ممکنہ طور پر بچے کا خون صاف کرنے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔
Perugia کے پراسیکیوٹر بھی وہاں پہنچ گئے، اور انہوں نے بھی تحقیقات شروع کردی، حکام کو سپرمارکیٹ کے قریب ایک خالی کاٹیج سے چاقو بھی ملا ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ واردات میں استعمال ہوا ہے، اطالوی خبر ایجنسی نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر معصوم بچہ سپرمارکیٹ کے قریب ہی کہیں زخمی ہوا ہے، اور خاتون اسے بچانے کے لئے سپرمارکیٹ میں داخل ہوئی ہوگی، لیکن فی الوقت کچھ بھی یقین کے ساتھ نہیں کہا جاسکتا ، حکام کا کہنا ہے کہ وہ خاتون سے بھی سوالات کررہے ہیں، اور کسی نتیجہ پر پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر بچے کے ساتھ ہوا کیا ہے، اور اسے کیسے زخم آئے ، جو اس کی جان لینے کا سبب بن گئے۔
اسی طرح یہ بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ یہ خاتون اس علاقے میں کیوں اور کب آئی تھی، کیوں کہ یہ یہاں کی رہائشی نہیں ہے، امبریا سینٹر کے مئیر فاستو ریزنی کا کہنا ہے کہ یہ بڑا سانحہ ہے، اور ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔