کرونا دنیا کو لے ڈوبا، لبنان کے بعد سری لنکا میں بھی بھوک، ایمرجنسی نافذ

0

کولمبو: کرونا کی وبا کے باعث دنیا بھر میں جاری کساد بازاری اب سنگین رخ اختیار کرتی جارہی ہے، اور لبنان کے بعد سری لنکا میں بھی خوراک اور تیل کی قلت پیدا ہوگئی ہے، اسٹوروں کے باہر لمبی قطاریں، سری لنکن حکومت نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوج کی مدد طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وبا اور اس کے باعث لاک ڈاؤن اور سماجی پابندیوں نے پوری دنیا میں معیشتوں اور کاروبار کا بیڑا غرق کردیا ہے، ایسے میں دنیا کے امیر ممالک تو اپنے مالی ذخائر استعمال کرکے مشکل وقت نکال رہے ہیں، لیکن غریب ملکوں میں اب بحران کھڑے ہونے لگے ہیں، لبنان کے بعد اب سری لنکا میں بھی خوراک اور تیل کی قلت پیدا ہوگئی ہے، بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہورہے ہیں، جس کے باعث تاجر تیل اور خوراک باہر سے نہیں منگوا پارہے، ایسے میں سری لنکن حکومت نے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے، صدر راج پاکسے کا کہنا ہے کہ چینی اورچاول سمیت خوراک کی ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے ایمرجنسی لگائی گئی ہے، فوج کے ایک اعلیٰ افسر کو اشیائے ضروریہ کا کمشنر بنا کر ہدایت کی گئی ہے وہ خوراک کی قلت دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں، ایمرجنسی کے ذریعہ ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کرنے، مال ضبطگی سمیت بھاری جرمانوں کا اختیار دیا گیا ہے۔

خوراک کی قلت

لبنان کی طرح سری لنکا میں بھی خوراک اور تیل کی قلت شدید ہوگئی ہے، دودھ، مٹی کا تیل، گیس سلنڈر، چینی، چاول، پیاز اور آلو وغیرہ خریدنے کے لئے اسٹوروں کے سامنے عوام لمبی قطاروں میں کھڑے نظر آتے ہیں۔

یہ سب کچھ ایسے موقع پر دیکھنے میں آرہا ہے جب کرونا کی نئی لہر کے باعث حکومت نے دو ہفتوں کا لاک ڈاون بھی لگارکھا ہے۔ دو کروڑ آبادی والے سری لنکا میں کرونا سے یومیہ 200 تک اموات ہورہی ہیں۔ معیشت ایک برس میں ساڑھے تین فیصد سکڑگئی ہے، زرمبادلہ ذخائر کم ہوکر 2ارب 80 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں، کرنسی 20 فیصد گرچکی ہے، اس صورتحال میں حکومت پہلے ہی گاڑیوں اور کوکنگ آئل سمیت کئی چیزوں کی درآمد پر پابندی لگاچکی ہے، درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ انہیں خوراک اور ادویات باہر سے منگوانے کیلئے بھی ڈالر نہیں مل رہے، ایسے میں تیل کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے، اور وزیر توانائی اودے گمن پیلا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیوں میں تیل کا استعمال کم کریں، تاکہ ان سے بچنے والے پیسوں سے خوراک اور ادویات منگوائی جاسکیں، ایک اور سری لنکن عہدیدار کا کہنا تھا کہ تیل کی راشن بندی بھی کی جاسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.