روم: اٹلی میں ویکسین نہ لگوانے والوں کے لئے یکم ستمبر سے طویل فاصلے والی ٹرینوں میں سفر پر پابندی لگنے والی ہے، تاہم دوسری جانب اس پابندی کے خلاف کچھ لوگ احتجاج کے لئے بھی سرگرم ہوگئے ہیں، انہوں نے اپنے احتجاج کو ’’گرین پاس قبول نہیں‘‘ کا نام دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے اعلان کر رکھا ہے کہ جن افراد نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی، ان کے لئے یکم ستمبر سے ایک ریجن سے دوسرے ریجن کے درمیان چلنے والی ٹرینوں میں سفر پر پابندی لگادی جائے گی، البتہ انہیں شہروں کے اندر چلنے والی ٹرینوں میں سفر کی اجازت ہوگی، طویل فاصلے والی ٹرینوں پر پابندی کا وقت قریب آتے ہی کچھ لوگ اس پابندی کے خلاف احتجاج کے لئے بھی کہہ رہے ہیں۔
اطالوی سرکاری خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اس سفری پابندی کے فیصلے کے مخالفین نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس پابندی کو نہیں مانتے، اور وہ یکم ستمبر کو اس پابندی کے نفاذ کے خلاف 54 شہروں میں ریلوے اسٹیشنوں کے باہر مظاہرے کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، انہوں نے اپنے احتجاج کو ’’گرین پاس قبول نہیں‘‘ کا نام دیا ہے، اور کہا ہے کہ یکم ستمبر کو دن ڈھائی بجے وہ احتجاج کے لئے اسٹیشنوں کے باہر جمع ہوں گے، اور شام تک احتجاج جاری رہے گا۔