روم: افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے بعد وہاں سے جاری انخلا آپریشن کے دوران مہاجرین کو لانے کے حوالے سے اٹلی بڑے یورپی ملکوں سے بھی بازی لے گیا ہے، اور اطالوی وزیرخارجہ دی مایو نے اس حوالے سے مزید اہم اعلان بھی کردیا ہے.
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں بدلتی ہوئی صورت حال کے تناظر میں کابل سے افغان شہریوں کو نکالنے کی مہم میں اگرچہ برطانیہ، جرمنی اور فرانس جیسے بڑے یورپی ملک زیادہ پیش پیش نظر آرہے تھے، لیکن اس مہم میں اصل میں اٹلی بازی لے گیا ہے، اور اس نے سب سے زیادہ افغان مہاجرین کو کابل سے اپنے ملک منتقل کیا ہے، ہفتہ کے روز کابل سے آخری پرواز کے ذریعہ افغان مہاجرین کو روم پہنچایا گیا، تو اطالوی وزیر خارجہ دی مایو خود ان کے استقبال کے لئے موجود تھے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اٹلی نے یورپی ممالک میں سب سے زیادہ افغان مہاجرین کو پناہ کے لئے منتقل کیا ہے، اور تقریباً 5 ہزار افغان مہاجرین کابل سے اٹلی پہنچائے گئے ہیں، آخری پرواز میں بھی اطالوی عملہ، فوجیوں کے علاوہ مزید 58 افغان مہاجرین روم پہنچے.
یہ بھی پڑھیں: تارکین کی بڑی تعداد اٹلی پہنچ گئی، کشتی ڈوبنے سے جانی نقصان
برطانیہ اور جرمنی نےا گرچہ کابل سے انخلا کے دوران زیادہ افراد کو نکالا ہے، لیکن ان میں مغربی شہریوں کی تعداد زیادہ تھی ، جرمنی نے تقریباً4 ہزار افغان شہریوں کو اپنے ملک پہنچایا ، جبکہ اٹلی 4 ہزار 900 افغان شہریوں کو اپنے ہاں لایا ہے.
اطالوی وزیرخارجہ کا اہم اعلان
اس موقع پر اطالوی وزیرخارجہ نے کہا کہ اگر چہ 31 اگست کی ڈیڈ لائن کی وجہ سے ہمارا انخلا کا عمل مکمل ہوگیا ہے، لیکن ہم مزید افغانوں کو وہاں سے نکال کر لانے کے لئے پرامید ہیں، اور اس کے لئےہم اقوام متحدہ ، این جی اوز اور دیگر ملکوں کی مدد حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ ابھی مزید افغان شہری کابل سےنکلنے کے منتظر ہیں، ہم افغان عوام، خواتین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، جو گزرے برسوں کے دوران افغانستان میں تبدیلی کے لئے کوششیں کرتے رہے.
خیال رہے کہ دو یورپی ممالک آسٹریا اور ہنگری نے افغان مہاجرین کو لینے سے صاف انکار کردیا ہے، ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کو مہاجرین کے بحران سے محفوظ رکھیں گے، جبکہ آسٹریا کے چانسلر سباسٹین کرز کا کہنا تھا کہ آسٹریا میں پہلے ہی 44 ہزار افغان موجود ہیں، اور ہم آبادی کی شرح کے لحاظ سے ایران، پاکستان اور سویڈن کے بعد افغان مہاجرین کو پناہ دینے والا بڑا ملک ہیں.