انخلا کے دوران دھوکہ سے یورپی ملک پہنچنے والا افغان نوجوان پکڑا گیا

0

کوپن ہیگن: کابل سے انخلا کے دوران یورپی ملک میں سزا کے بعد ڈیپورٹ ہونے والا ایک افغان باشندہ بھی حکام کو دھوکہ دے کر طیارہ میں سوار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تاہم یورپی ملک پہنچنے پر اس کی چالاکی نہ چلی، اور وہ پکڑا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایسے وقت میں جب مغربی ممالک اپنی افواج کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کو کابل سے نکال کر اپنے ملکوں میں پناہ دے رہے ہیں، ایک ایسا افغان شہری بھی ڈنمارک آنے والی پرواز میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، جو ماضی میں ڈنمارک میں جرائم میں ملوث رہ چکا ہے، اور سزا کے بعد اسے ڈیپورٹ کیا گیا تھا، کوپن ہیگن ائرپورٹ پہنچنے پر اس نے پولیس سے بچنے کے لئے اپنے نام کے بجائے بھائی کا نام بتایا، تاہم پولیس نے اس 23 سالہ افغان نوجوان کی چالاکی پکڑ لی۔

اور یہ پتہ چلالیا کہ یہ وہی افغان ہے جو ڈنمارک میں ایک گینگ کا رکن رہا ہے، اور ہتھیار رکھنے پر اسے 5 برس قید کی سزا بھی ہوئی تھی، پولیس کی پوچھ گچھ پر بالاخر اس افغان نے خود بھی اعتراف کرلیا، اسے حراست میں لینے کے بعد کوپن ہیگن میں عدالت میں پیش کیا گیا ہے، عدالت نے اسے 24 روز کے لئے پولیس کی تحویل میں دے دیا، اب اس کے خلاف ڈنمارک میں داخلہ پر پابندی توڑنے کا مقدمہ چلایا جائے گا، واضح رہے کہ ڈنمارک نے کابل سے 650 لوگوں کو نکالا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.